پیر امین الحسنات اور ان کا خاندان بھی کھلاڑی بننے کو تیار

بھلوال ( وقائع نگار )سابق وفاقی وزیر مملکت برائے مذہبی امور پیر محمد امین الحسنات شاہ اور ان کا خاندان بھی کھلاڑی بننےکو تیار۔

پیر خاندان کی پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کی خبروں سے علاقائی سیاست میں ہلچل پیدا ہوگئی ہے2013، کے انتخابات میں ندیم افضل چن کو ایک لاکھ ووٹوں کی واضح برتری سے شکست دینے کے باوجود 2018 کے انتخابات میں مسلم لیگ کا ٹکٹ نہ ملنے پر مسلم لیگ نون اور پیر خاندان کے درمیان پیدا ہونے والے اختلافات اب کھل کر سامنے آ گئے ہیں،سابق وفاقی وزیر مملکت پیر محمد امین الحسنات شاہ اوران کے چھوٹے بھائی سابق امیدوار قومی اسمبلی پیر فاروق بہاوالحق شاہ کا اپنے خاندان سمیت پاکستان تحریک انصاف میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان بہت جلد متوقع ہے، پیر خاندان کی تحریک انصاف میں شمولیت کی خبر اس وقت کھل کر منظر عام پر آئی جب حال ہی میں پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہونے والے مہر نفیس احمد ہرل اور چوہدری سہیل اختر گجر نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ بھیرہ آ کر پیر فاروق بہاوالحق شاہ سے ملاقات کی جبکہ تحریک انصاف کے دیگر صوبائی اسمبلی کےامیدواروں کو بھی پارٹی کی ہائی کمان نے پیر فاروق شاہ سے رابطے میں رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

پیر گروپ کے ترجمان میاں محمد نعیم الدین نے پاکستان تحریک انصاف سے اعلی سطحی رابطوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ 2018 کے انتخابات میں پیر خاندان کو ٹکٹ نہ ملنے پر لیگی قیادت سے تعلقات سرد مہری کا شکار تھے اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ آنے والے انتخابات میں پیر خاندان پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ سے ہی الیکشن میں حصہ لے گا،یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ مسلم لیگ ن کے ڈویژنل صدر شاہ نواز رانجھا نے بھی بھیرہ میں پیر امین الحسنات شاہ سے ملاقات کی ہے اور انھیں اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرنے کا کہا ہے لیکن پیر خاندان نے انھیں بتایا کہ وہ تحریک انصاف میں شمولیت کا حتمی فیصلہ کر چکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں