رمضان المبارک کی آمد،برطانیہ میں چھوٹے بڑے سٹوروں نے میگا سیل لگا دی

مانچسٹر(نعیم مرزا)رمضان المبارک کی آمد سے قبل ہی برطانیہ کے چھوٹے اور بڑے سٹوروں پر”رمضان آفر فار مسلم “کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق حسب روایات برطانیہ کے تمام سٹوروں پر مسلمانوں کو اشیائے خورد و نوش پر کم از کم 30 فیصد اور زیادہ سے زیادہ 50 فیصد ڈسکاونٹ دیا جا رہا ہے،اسی طرح دیگر اشیاء ضروریہ پر بھی ڈسکاونٹ آفرز متعارف کرا دی گئی ہیں تاکہ مسلمان ماہ رمضان اور عید کے لیے کم قیمت پر شاپنگ کر سکیں۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ برطانیہ میں اکثر بڑے شاپنگ سٹورز غیر مسلمز کی ملکیت ہیں مگر اس کے باوجود ہر سال رمضان المبارک کے آغاز سے قبل ہی مسلمانوں کے لیے یہ خصوصی آفرز متعارف کرا دی جاتی ہیں،مختلف تعمیراتی کمپنیوں کے علاوہ دیگر فیکٹریوں میں بھی ہنر مند افراد،مزدوروں اور دیگر مسلم سٹاف کے کام کاج کے دورانیہ کو بھی کم کر دیا جاتا ہے تاکہ وہ پوری توجہ کے ساتھ کے رمضان المبارک میں اپنے رب کی رحمتیں سمیٹ سکیں۔واضح رہے کہ رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی یورپ کے دیگر ممالک میں بھی کی جاتی ہے۔یہ امر دلچسپی کا حامل ہے کہ مسلمانوں کے لیے مختص ڈسکاونٹ آفرز سے غیر مسلم فائدہ نہیں اٹھاتے بلکہ وہ سمجھتے ہیں کہ یہ مسلمانوں کا حق ہے۔ قیمتوں میں کمی کا سلسلہ عرب ممالک میں بھی متعارف کرایا جاتا ہے۔دوسری طرف یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پاکستان میں رمضان المبارک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ کر دیا گیا ہے یا پھر قیمتیں بڑھانے کے لیے ان کا ذخیرہ کر لیا گیا ہے۔مغربی ممالک میں مقیم مسلمانوں نے رمضان المبارک میں قیمتوں میں کمی کے رجحان کو خوش آئند اور مستحسن قرار دیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں