مرکزی مسلم لیگ کا قیام امن کے لیے ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان

لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے وطن عزیزپاکستان میں قیام امن کے لئے قوم کو متحد و بیدار کرنے کے لئے ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان کر دیا،صدر مرکزی مسلم لیگ خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ قائد اعظم کے پاکستان کو مضبوط سے مضبوط تر بنائیں گے،رمضان میں پاکستان وجود میں آیا،عید کے بعد پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف ملک تحریک چلانے کا اعلان کرتے ہیں،پاکستان کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں کے ساتھ ملکر دہشت گردی کے خلاف مضبوط لائحہ عمل دیں گے،مرکزی مسلم لیگ امید کے ساتھ،مایوسیوں کا خاتمہ کرے گی،نوجوانوں کو آئی ٹی کے کورس کروائیں گے۔
پاکستان ٹائم کے مطابق ان خیالات کا اظہار خالد مسعود سندھو نے مقامی ہوٹل میں سینئر صحافیوں،ایڈیٹرز،اینکر پرسن کے اعزاز میں منعقدہ افطار ڈنر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان تابش قیوم،مرکزی مسلم لیگ لاہور کے سیکرٹری جنرل مزمل اقبال ہاشمی نے بھی خطاب کیا۔خالد مسعود سندھو کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کی لہر نے سب کو متاثر کیا ہے،کوئی محفوظ نہیں،مرکزی مسلم لیگ سب کو اکٹھا کرے گی،مولانا حامد الحق حقانی بم دھماکے میں شہید ہوئے،بنوں میں دہشت گردی کا واقعہ ہوا،عید کے بعد ملک گیر امن مارچ،جلسے جلوس ہوں گے،دہشت گردوں کے خلاف ملک گیر،بلا تفریق آپریشن کرنے کی ضرورت ہے،دہشت گردوں سے ہمدردی رکھنے والا پاکستان کاہمدرد نہیں ہو سکتا،انتشار کی سیاست کی مخالفت کرتے ہیں،سیاسی جماعتیں بلدیاتی نظام کی کوشش کریں جس میں کسی قسم کی کوئی مداخلت نہ ہو،مرکزی مسلم لیگ مذاکرات پر یقین رکھتی ہے،حکومتی سطح پر مذاکرات کو بحال کیا جائے۔

مرکزی مسلم لیگ لاہور کے سیکرٹری جنرل مزمل اقبال ہاشمی کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان بہت سارے مسائل سے دو چار ہے،ان میں سے ایک مایوسی ہے،لوگ ریاست پاکستان سے مایوس ہو چکے ہیں،پورا ملک اس وقت بدامنی کی لپیٹ میں ہے،دہشت گردی ہے،بلوچستان بڑی شدت کے ساتھ سلگ رہا ہے،کے پی کے میں کئی بار حالات ہاتھوں سے نکلتے نظر آ رہے،آنے والا منظر نامہ دنیا کا بڑی تیزی سے بدل رہا ہے،ضرور ت اس امر کی ہے کہ ہم پاکستان کی سیاست کو مفاہمتی سیاست کی طرف لے کر آئیں،میڈیا قوم کو متحد و بیدار کرنے کے لئے کردار ادا کرے،پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے اس بات کا تہیہ کر رکھا ہے کہ ہم اپنی سیاست کو اخلاق و کردار کے دائرے میں رکھیں گے،کسی صورت الزام تراشی کی سیاست نہیں کریں گے،نوجوانوں کو مثبت انداز میں کام کے لئے تیار کریں گے۔تابش قیوم کا کہنا تھا کہ مرکزی مسلم لیگ پاکستان کے سیاسی منظرنامے میں بظاہر نئی سیاسی جماعت ہے لیکن ان کے کام،انکی خدمت،پاکستان سے وفا سے سب واقف ہیں،روزگار پروگرام،خدمت پروجیکٹ،سحر و افطار دسترخوان مرکزی مسلم لیگ کے ملک بھر میں منصوبہ جات چل رہے،آئی ٹی کے حوالہ سے عید کے بعد بہت بڑا پروگرام لانچ کر رہے ہیں،فری لانسنگ کے کورسز گلی محلوں، پارکوں،گلیوں میں غرض ہر جگہ کروائیں گے تا کہ نوجوان سیکھیں اور خود کمائیں،اپنی معیشت بہتر کریں،اگر ہماری عورت محفوظ،ہنر مند اور تعلیم یافتہ ہو گی تو ہماری قوم مضبوط ہو گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں