علمیہ خان کی نعیم پنجوتھا سمیت وکلاء سے تلخ کلامی، وجہ کیا بنی؟تفصیلات جانئے

اسلام آباد(بیورو رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان اور وکلا کے درمیان اڈیالہ جیل کے باہر ہونے والی تلخ کلامی کی وجہ سامنے آ گئی،علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان سے صرف وہی جیل میں ملے گا جس کو کوئی ذمہ داری سونپی گئی ہو،بغیر ذمہ داری کے کوئی وکیل جیل کے اندر نہیں جائے گا، نعیم پنجوتھا سے سخت سوالات نے ماحول کو کشیدہ کر دیا تاہم دیگر وکلاء نے معاملے میں مزید تلخی سے بچنے کے لئے نعیم پنجوتھا کو سائیڈ پر کر دیا۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق عمران خان سے ملاقات کے بعد واپسی پر جیل کے داخلی دروازے پر علیمہ خان کی نعیم پنجوتھا سے شدید تلخ کلامی ہو گئی،علیمہ خان کی 2 بہنوں کے ہمراہ اپنے بھائی اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات ہوئی،جیسے ہی ملاقات ختم ہوئی،علیمہ خان جیل کے داخلی دروازے پر پہنچیں تو ان کی پی ٹی آئی وکلا سے تلخ کلامی ہوئی۔علیمہ خان نے وکلا کو چارج شیٹ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سے وہی ملے گا جس کو کوئی ذمہ داری سونپی گئی ہو،بغیر ذمہ داری کے کوئی وکیل جیل کے اندر نہیں جائے گا،آپ لوگوں نے کیا ڈراما لگایا ہوا ہے؟ہر بندہ یہاں صرف ملاقات کے لیے آتا ہے اور دوسرے بندے کی شکایت لگاتا ہے،ہمارا بھائی اندر ہے،وہ ہماری محبت ہے،ہم اس کے لیے جان بھی دے سکتے ہیں،آج کے بعد کوئی وکیل اپنی طرف سے عدالت میں اضافی پٹیشن دائر نہیں کرے گا،پٹیشن دائر کرنے کا اختیار صرف سلمان اکرم راجا اور بیرسٹر سلمان صفدر کو ہے۔علیمہ خان نے کہا کہ میرے بھائی کی اپنے بچوں سے بات نہیں کروائی جا رہی نہ اسے کتابیں مل رہی ہیں،آپ نے اب تک عمران خان کے لیے عدالت سے کیا ریلیف لیا ہے؟۔علیمہ خان نے نعیم پنجوتھا سے پوچھا آپ بشریٰ بی بی کے فوکل پرسن ہیں،آپ کس کس سے ملتے ہیں؟جس پر نعیم پنجوتھا نے جواب دیا کہ میں کسی سے نہیں ملا،پھر انہوں نے علیمہ خان سے پوچھا کہ میں جس سے ملا ہوں،آپ بتائیں؟اس پر علیمہ خان نے انہیں کہا کہ میرے ساتھ بدتمیزی نہ کریں۔نعیم پنجوتھا نے کہا کہ میں بدتمیزی نہیں کر رہا،ہم جیلیں بھگت کر آئے ہیں،ہم پر مقدمے ہوئے ہیں،آپ ہم سے اس طرح بدتمیزی سے بات نہیں کر سکتیں۔اس پر ایک بار پھر علیمہ خان نے نعیم پنجوتھا کو ڈانٹتے ہوئے پوچھا کہ تم یہ کس طرح مجھ سے بات کر رہے ہو؟خاموش رہو۔عین اس وقت موقع پر کھڑے شعیب شاہین اور دیگر وکلا نعیم پنجھوتا کو پکڑ ایک طرف لے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں