Baloch militants attack Pakistan train

جعفر ایکسپریس پر حملے کا ماسٹر مائنڈ کس پڑوسی ملک سے دہشت گردوں سے رابطہ کرتا رہا؟تہلکہ خیز تفصیلات آ گئیں

کوئٹہ (بیورو رپورٹ)بلوچستان کے علاقے سبی میں بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے)کے دہشت گردوں کی جانب سے کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کو یرغمال بنانے اور متعدد مسافروں کو جاں بحق کرنے کے معاملے میں تہلکہ خیز تفصیلات سامنے آئی ہیں جس کے مطابق جعفر ایکسپریس پر ہونے والے بزدلانہ حملے میں ملوث مسلح دہشت گرد ہمسایہ ملک افغانستان میں اپنے ماسٹر مائنڈ سے رابطے میں ہیں،جس مقام پر ٹرین کو روکا گیا ہے وہ مرکزی سڑک سے 24 کلومیٹر دور ایک سرنگ کے پاس واقع ہے جہاں موبائل اور ٹیلی فون سروس کام نہیں کر رہی۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق شدت پسندوں نے ڈھاڈر کے مقام پر ٹرین پر حملہ کیا اور وہاں واقع ایک سرنگ میں اسے روک کر مسافروں کو یرغمال بنا لیا۔یہ چند ماہ میں دوسرا موقع ہے کہ بلوچ شدت پسندوں نے جعفر ایکسپریس کو نشانہ بنایا ہے،اس سے قبل نومبر 2024 میں کوئٹہ ریلوے سٹیشن پر ہونے والے دھماکے میں 26 افراد ہلاک اور 62 زخمی ہوئے تھے جن میں سے 12 کا تعلق لیویز،ایف سی اور فوج سے تھا۔یرغمالیوں میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں،اس ٹرین پر 400 سے زیادہ افراد سفر کر رہے تھے،دہشت گردوں نے عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنایا ہوا ہے،جس کی وجہ سے سیکیورٹی فورسز کا آپریشن انتہائی احتیاط سے کیا جا رہا ہے۔سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا گھیراو کر لیا ہے اور دونوں جانب فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔سیکیورٹی فورسز نے عہد کیا ہے کہ وہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رکھیں گی۔جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد سے ہندوستانی میڈیا،ہندوستانی سوشل میڈیا اور ملک دشمن سوشل میڈیا اکاونٹس غیر معمولی طور پر متحرک ہو گئے ہیں اور یہ مسلسل گمراہ کن،جھوٹا اور فیک پروپیگنڈا پھیلانے میں مصروف ہیں،پرانی ویڈیوز،اے آئی سے تیار کردہ مواد،پرانی تصاویر،فیک وٹس ایپ پیغامات اور پوسٹرز کے ذریعے ہیجان پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے،ذرائع کے مطابق دہشت گردوں سے جڑے سوشل میڈیا اکاونٹس بھی پاکستان مخالف پروپیگنڈے میں ہندوستانی میڈیا کا ساتھ دے رہے ہیں،ہندوستانی میڈیا پاکستان سے باہر بیٹھے خود ساختہ بھگوڑے بلوچ رہنماوں کے تجزیے پیش کر کے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے،عوام سے اپیل ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلائے جانے والے گمراہ کن اور من گھڑت پروپیگنڈے کی بجائے مستند ذرائع سے دی جانے والی معلومات پر اعتماد کریں،دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے اور اسے کامیابی سے مکمل کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں