بلوچستان میں دہشت گردوں کا ٹرین پر حملہ،وزیر اعظم نے بھی لنگوٹ کس لیا

اسلام آباد(بیورو رپورٹ)وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے بلوچستان کے علاقے سبی میں جعفر ایکسپریس کو دہشت گردوں کی جانب سے یرغمال بنانے اور چند بے گناہ مسافروں کوقتل کرنے پر سخت غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک سکون نہیں لیں گے،بے گناہ مسافروں کو قتل کرنے والے انسان تو کیا جانور کہلانے کے بھی حقدار نہیں ہیں،سیکیورٹی فورسز کی بر وقت اور جاندار ایکشن سے سینکڑوں مسافروں کو محفوظ بنایا گیا ہے،دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں حصہ لینے والے تمام سیکیورٹی ادارے اور اہلکار قوم کے ہیرو ہیں،ملک میں دہشت گردی نے ایک بار پھر سر اٹھا یا ہے،اس تنے ہوئے سر کو خم کر کے دم لیں گے،خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے،پوری قوم اپنے سیکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،امن کے حصول تک ترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیرنہیں ہو سکتا،ملک میں میکرواکنامک استحکام آیا ہے،شرح نمومیں اضافہ اب ترجیح ہے،ریلوے کی مکمل ٹرانسفارمیشن ناگزیر ہے۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے جعفر ایکسپریس پر دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ دہشت گردوں کو ختم کر رہی ہیں،چیلنجز کے باوجود سیکیورٹی فورسز کے حوصلے بلند ہیں،سیکیورٹی فورسز کے افسران جلد ہی اس آپریشن میں کامیاب ہوں گے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم بزدل دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے،دہشت گردوں کا مذہب،پاکستان اور بلوچستان سے کوئی تعلق نہیں ہے،ہم دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے تک اپنی جنگ جاری رکھیں گے۔

اس سے قبل وفاقی کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کابینہ میں توسیع کے بعد یہ پہلا باضابطہ اجلاس ہے،کابینہ میں نئے ارکان کی شمولیت سے کارکردگی مزید بہتر ہو گی،آئی ایم ایف کی معاونت اور آپ کی محنت سے ملک میں میکرو اکنامک استحکام آیا ہے،شرح نمو میں اضافہ اب ہماری ترجیح ہے،معاملات تسلی بخش اور اچھے طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں،آئی ایم ایف کا مشن پاکستان کے دورے پر ہے،آئی ایم ایف وفد سے بات چیت کر رہے ہیں،آئی ایم ایف پروگرام ملکی ترقی کیلئے اہم ہے،زراعت،تجارت اور آئی ٹی کی وزارتوں کا شرح نمو سے براہ راست تعلق ہے،ریلوے کی مکمل ٹرانسفارمیشن ناگزیر ہے،بحری امور کے شعبے میں بے پناہ صلاحیت ہے،رواں ماہ ترسیلات زر 3.1 ارب ڈالر رہیں جو انتہائی خوش آئند ہے،اسی تیزی سے ہمیں اپنی برآمدات کو بڑھانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر تین ماہ بعد وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ ہر ہفتے دو وزارتوں کے امور پر جائزہ اجلاس منعقد کئے جائیں گے،وزارتوں کی کارکردگی سے متعلق قوم کو آگاہ کیا جائے گا،منتخب نمائندے عوام کی خدمت کیلئے آئے ہیں۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی نے پھر سراٹھایا ہے،خیبرپختونخوا،بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے،ہر روزسیکیورٹی فورسز کے افسر اور جوان قوم کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں،امن کے حصول تک ترقی اور خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا،سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ 190 ملین پاونڈ سے جدید ترین دانش یونیورسٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے،دانش یونیورسٹی میں اپلائیڈ سائنسز،آئی ٹی،اے آئی،ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کی جدید تعلیم دی جائے گی، 14 اگست 2026ء سے اس یونیورسٹی کا باضابطہ پہلا سیشن شروع ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں