رانا ثناءاللہ ایم کیو ایم مرکز جا پہنچے،بڑی یقین دہانی کرادی

کراچی(سٹاف رپورٹر )وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے ایم کیو ایم کے لاپتہ افراد کی جلد واپسی اور انصاف کے تقاضے پورے کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔

وزیر وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ متحدہ قومی مومنٹ پاکستان کے لاپتہ افراد کے اہل خانہ سے ملاقات کرنے ایم کیو ایم کے مرکز بہادرآباد گئے۔بہادرآباد میں رانا ثنا اللہ نے کنوینئر ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی دیگر رہنماوں اور لاپتہ کارکنان کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوارن ایم کیو ایم کے لاپتہ کارکنان کی لاشیں ملنے کے واقعات پر گفتگو ہوئی،اہلِ خانہ نے کہا کہ ہمارے فیملی ممبرز کئی کئی سال سے لاپتا ہیں، آپ کیا کررہے ہیں؟

اس موقع پر وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پوری کوشش ہوگی کہ لاپتا افراد کی واپسی اور انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں،مسنگ پرسنز کا مسئلہ اہم ہے۔ہم نے ایم کیو ایم کو یقین دلایا ہے کہ ہم لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے کوئی کسر اٹھا باقی نہیں رکھیں گے،اس معاملے سے پاکستان کی پوری دنیا میں بدنامی ہوتی ہے۔

وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ریاست کے لئے یہ باعث شرمندگی ہے کہ لوگوں کو قانون کے دائرے میں لانے کے بجائے انہیں لاپتہ کردیا جائے اور پھر ان کی لاشیں ملیں۔حکومتوں کی اس بارے میں رٹ کس حد تک ہے اس کا سب کو علم ہے،یقین دلاتا ہوں کہ ہم تصادم کے بجائے افہام کے ساتھ مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ لاپتہ افرادکی تلاش میں جو ہوسکا پوری کوشش کرینگے کیوں کہ ایم کیوایم کارکنوں کی بازیابی ریاست کے ذمے ہے۔اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان میں افراد کے لاپتہ ہونے کا معاملہ بند ہونا چاہیے،ہمارے احتجاج کو دہشت گردی کہنے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ جنہوں نے لاپتہ کیا ان کو سزا نہیں دلوانا چاہتے،بس ہم اپنے پیاروں کو واپس دیکھنا چاہتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں