لاہور(سٹاف رپورٹر) پاکستان ملی لیبر فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری رانا جبران نے کہا ہے کہ محنت کش مزدوروں کے بچوں اور بے روزگار نوجوانوں کے لیے جلد آئی ٹی کورسز کا آغاز کیا جائے گا،محنت کشوں کے حقوق کے لیے ہم آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر لڑیں گے،جہاں بھی مزدوروں کے حقوق پامال ہوں گے،ملی لیبر فیڈریشن ان کی آواز ہر پلیٹ فارم پر اٹھائے گی۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق ملی لیبر فیڈریشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری رانا جبران نے کہا کہ پاکستان ملی لیبر فیڈریشن محنت کش مزدوروں کے بچوں اور بے روزگار نوجوانوں کے لیے جلد آئی ٹی کورسز کا آغاز کرے گی تاکہ وہ جدید دور کی مہارتوں سے آراستہ ہو کر روزگار کے بہتر مواقع حاصل کر سکیں،آئی ٹی کے کورسز انہیں اپنی زندگی کے معیار کو بہتر بنانے کے مواقع فراہم اور معاشی خودمختاری کی طرف رہنمائی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں غریب اور محنت کش افراد کو اپنے جائز کام کے لیے بھی کئی کئی مہینے انتظار کرنا پڑتا ہے جو کہ ایک سنگین مسئلہ ہے،مزدوروں کے جائز حقوق کے حصول کے لیے فیڈریشن ہر ممکن اقدام اٹھائے گی،ہر محنت کش فرد کو ان کا حق ملنا چاہیے تاکہ وہ ایک محفوظ،بہتر اور خوشحال زندگی گزار سکیں۔
