PIA aircraft set to roar for UK destinations after Eid

پی آئی اے کو برطانیہ میں لینڈنگ کی اجازت نہ ملنے پر اوورسیز پاکستانی آگ بگولہ،ن لیگی رہنما عبدالغنی سندھو نے اپنی ہی حکومت سے مطالبہ کر دیا

لندن(نعیم الرحمان مرزا سے )برطانیہ میں مقیم ہزاروں پاکستانیوں کو امید تھی کہ جلد ہی قومی ائیر لائن (پی آئی اے)کو گوروں کے دیس میں لینڈنگ کی اجازت مل جائے گی جس سے نہ صرف ان کا اہم ترین مسئلہ حل ہو جائے گا بلکہ ملک پاکستان کو بھی اس کا بے انتہا فائدہ ہو گا،چند روز سے میڈیا میں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ پی آئی اے کو برطانیہ میں لینڈنگ کی اجازت مل گئی ہے تاہم اس”فیک نیوز“ نے گوروں کے دیس میں مقیم ہزاروں اوورسیز پاکستانیوں کے دل توڑ دیئے ہیں اور ایسی خبروں سے وہ خاصے دلبرداشتہ دکھائی دیتے ہیں،دوسری طرف مسلم لیگ ن کے اہم رہنما عبدالغنی سندھو نے اپنی ہی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اس امر کو یقینی بنائے کہ قومی ایئرلائن کو فوری طور پر اس روٹ پر بحال کیا جائے اور چند روز قبل کراچی ائیرپورٹ پر قومی ائیر لائن کے طیارے کے فرنٹ ویل گرنے کے معاملے کی مکمل انکوائری کرتے ہوئے رپورٹ پبلش کی جائے ۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما عبدالغنی سندھو نے کہا ہے کہ برطانیہ نے ایک مرتبہ پھر قومی ایئرلائن کو برطانیہ لینڈنگ کی اجازت نہیں دی جس سے پاکستانیوں میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی ہے،برٹش ایئر سیفٹی کا 25 مارچ کے اجلاس کے چند یوم قبل قومی ایئرلائن کی ایک فلائٹ جو کراچی سے لاہور کے لیے روانہ ہوئی تھی اسکا ایک فرنٹ ویل کراچی ایئرپورٹ پر ہی گر گیا تھا جبکہ جہاز نے لاہور ایئرپورٹ پر ایک پہیے پر لینڈنگ کی،حکومت نے قومی ایئرلائن کے کراچی کے عملے انجینئر اور دیگر کی انکوائری کرنے کی بجائے خاموشی اختیار کر رکھی ہے جو معنی خیز ہے۔

انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ برٹش ایئر سیفٹی اجلاس سے چند یوم قبل اتنی بڑی غلطی دانستہ طور پر کی گئی ہے تاکہ ایئرلائن کا منافع بخش روٹ قومی ایئرلائن کو واپس نہ مل سکے،برطانیہ کے انکار فوراً بعد عرب ممالک کی ایئر لائنز نے ٹکٹوں میں راتوں رات 200 فیصد تک اضافہ کر لیا ہے،ایئر لائن کی دنیا میں آج تک کبھی ایسا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا کہ کسی جہاز کا اڑتے ہوئے پہیہ اسی ایئرپورٹ پر گر جائے اور نہ عملے کو پتہ چلے اور نہ ہی پائلٹ کو اور پھر وہی جہاز اپنی اگلی منزل والے ایئرپورٹ پر اتر جائے۔انہوں نے کہا کہ ملک کو اربوں روپے روزانہ کا نقصان پہنچانے والوں کو قوم کے سامنے پیش کیا جائے،یورپی یونین اور برطانیہ کو پہلے ہی ہمارے ایک سابق وزیر نے جعلی لائسنس کا واویلا کر کے پابندی لگوادی اور اب ن لیگ کی حکومت میں جہاز کے ایک پہیہ کے نٹ ہی نہیں لگائے گئے،جو کراچی ایئرپورٹ پر ہی رہ گئے،حکومت فوری طور پر اس کی انکوائری کر کے رپورٹ عوام کے سامنے پیش کرے اور اس امر کو یقینی بنائے کہ قومی ایئرلائن کو فوری طور پر اس روٹ پر بحال کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں