Deputy Prime Minister and Foreign Minister Ishaq Dar has criticised India’s recent diplomatic actions, calling them "unserious" and “inappropriate,” and assured that a firm, coordinated response will follow

خواجہ آصف اور اسحاق ڈار نے بھارت کو کرارا جواب دے دیا،ابھیندن کی بھی یاد دلا دی

اسلام آباد(بیورو رپورٹ)نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وزیر دفاع خواجہ آصف نے مودی سرکار کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان کو ترکی بہ ترکی جواب دیا جائے گا،بھارت کے پاس کوئی ثبوت ہے تو ہمیں دے اور دنیا کے سامنے لائے لیکن محض مفروضوں پر ایکشن لینا ناقابل قبول ہے،پاکستان بھارت کے کسی بھی حملے کا بھرپور جواب دینے کی پوزیشن میں ہے،فضائی حدود کی خلاف ورزی پر ابھینندن کی شکل میں دیا گیا جواب بھارت کو یاد ہو گا۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق خواجہ آصف نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کو ختم نہیں کیا جا سکتا،نا ممکن ہے بھارت یکطرفہ طور پر یہ معاہدہ معطل کرے،ان دریاوں کا پانی پاکستان کا حق ہے،بھارت نہیں روک سکتا، 25 کروڑ پاکستانی سبز ہلالی پرچم کے نیچے کھڑے ہیں،کلبھوشن جیسا ایک اور بندہ پاکستان نے ایران افغان سرحد پر پکڑا ہے،بلوچستان میں دہشت گردی کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں،بھارت کی سرپرستی میں بلوچستان میں دہشت گردی ہو رہی ہے،جو کچھ جعفر ایکسپریس واقعے میں ہوا سب کو پتا ہے،علیحدگی پسندوں کو بھارت نے پناہ دی ہے،بلوچستان کے علیحدگی پسند بھارت میں جاکر علاج کراتے ہیں،ٹی ٹی پی کی دہشت گردی کے تانے بانے بھی بھارت کےساتھ ملتے ہیں،اس کے کئی ثبوت ہیں۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ بھارت پہلگام واقعے پر دوسروں پر الزام دھرنے کے بجائے خود احتسابی کرے،تفتیش کر کے ذمہ داروں کو تلاش کرے،پاکستان پر الزام لگانا نامناسب بات ہے،یہ امکان بھی ہےکہ پہلگام حملہ خود بھارت کا ”فالس فلیگ آپریشن“ ہو،کوئی بھارت سے بھی تو پوچھے کہ اگر مقبوضہ کشمیر میں بیگناہ لوگ مارے جا رہے ہیں تو وہاں کئی عشروں سے موجود سات لاکھ فوج کر کیا رہی ہے؟۔خواجہ آصف نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی دہشت گردی ہو ہم اس کی مذمت کرتے ہیں،دہشت گردی سے پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہے،پاکستان دہائی سے دہشت گردی کا سامنا کر رہا ہے،جو دہشت گردی کا شکار ہیں وہ کیسے دہشت گردی کو فروغ دیں گے،پاکستان کی افواج ہر جگہ دہشت گردی کا مقابلہ کر رہی ہیں،بھارت میں بھی اگر دہشت گردی ہو تو خلوص کے ساتھ مذمت کریں گے لیکن ہمیں اپنے دفاع کے لیے تمام تراقدامات کا حق ہے،ہم اپنی سرزمین کا دفاع کریں گے۔

دوسری طرف نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت نے انتہائی غیر مناسب رد عمل دیا ہے، بھارت کی اپروج غیرسنجیدہ ہے،سندھ طاس معاہدے پر کافی عرصہ سے مسائل چل رہے ہیں،ورلڈ بینک بھی اس معاملے میں شریک ہے،انڈیاکو ترکی بہ ترکی جواب دیا جائے گا،بھارت کے پاس کوئی ثبوت ہے تو ہمیں دے دنیا کے سامنے لائے لیکن محض مفروضوں پر ایکشن لینا ناقابل قبول ہے،پی فائیو کے ساتھ اپنی ذمہ داری نبھائیں گے،ایسا جواب دیں گے جس کی توقع ایک غیور قوم سے کی جاتی ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں پہلگام واقعے کی ذمے داری جس تنظیم نے لی ہے اس سے تو ہمارا کوئی لینا دینا ہی نہیں ہے،وزارت خارجہ نے سفارشات تیار کر لی ہیں، قومی سلامتی کمیٹی فیصلہ کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں