اسلام آباد(بیورو رپورٹ)صدر مملکت آصف علی زرداری سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایوانِ صدر میں اہم ملاقات کی ہے جس میں بھارت کے حالیہ غیر ذمہ دارانہ اقدامات اور قومی سلامتی کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے وزیر داخلہ محسن نقوی سے گفتگو میں کہا کہ دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے،پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے،بھارت کے بے بنیاد الزامات اور غیر منطقی اقدامات کا جواز نہیں بنتا،پوری قوم قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کے ساتھ کھڑی ہے،فیصلے قوم کے دل کی آواز ہیں۔محسن نقوی نے صدر زرداری کو بھارت کی جانب سے لگائے گئے بے بنیاد الزامات اور غیر منطقی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ملاقات کے دوران وزیر داخلہ نے قومی سلامتی کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں اور طے کردہ جوابی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔صدر آصف علی زرداری نے قومی سلامتی کمیٹی کے بروقت،فوری اور دور اندیش فیصلوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمیٹی کے تمام فیصلے پاکستانی قوم کے جذبات اور امنگوں کی ترجمانی کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم قومی سلامتی کمیٹی کے ساتھ کھڑی ہے اور وطن کے دفاع کے لیے یکجہتی کا مظاہرہ کر رہی ہے،بھارت کے بے بنیاد الزامات اور غیر منطقی اقدامات کا کوئی جواز نہیں بنتا اور پاکستان کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے واضح کیا کہ دشمن کسی غلط فہمی میں نہ رہے،پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے اور ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
