اسلام آباد(بیورو رپورٹ)بھارت کشیدگی کے بعد دونوں ملکوں کی فوجیں ہائی الرٹ پر ہیں جبکہ خطے کی کشیدہ صورتحال سے ہمسایہ ممالک میں بھی تشویش پھیل گئی ہے،ایسے میں پاکستان نے بھارت کو خبردار کر دیا ہے کہ اگر اس نے جارحیت کا مظاہرہ کیا تو پاکستان ایٹم بم چلا دے گا۔
”پاکستان ٹائم“کے مطابق برطانوی ٹی وی سکائی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے پہلگام واقعے میں پاکستان کے ملوث ہونے کا الزام مسترد کرتے ہوئے حملے کو بھارت کا فالس فلیگ آپریشن قرار دیا اور کہا کہ دنیا کو جوہری ہتھیار رکھنے والے دونوں ممالک کے درمیان مکمل جنگ کے امکان کے بارے میں فکر مند ہونا چاہیئے تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں امید ہے کہ یہ تنازع مذاکرات کے ذریعے حل ہو جائے گا۔خواجہ آصف نے انڈیا کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ جیسا حملہ ہوا ویسا ہی جواب ہو گا،پاکستان بھارت تنازع مکمل جنگ کی صورت اختیار کر سکتا ہے،دنیا کو جوہری طاقتوں کے درمیان مکمل تصادم کے امکان پر فکر مند ہونا چاہیئے،مکمل حملہ ہوا تو مکمل جنگ ہو گی،پاکستانی فوج ہر طرح کی صورتحال کے لیے تیار ہے،پاکستانی فوج دونوں جانب سے بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سفارتی اقدامات کے درمیان کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لیے تیار ہے،پاکستان بھارت کے کسی بھی حملے اور مہم جوئی کا منہ توڑ اور بھرپور جواب دے گا،دونوں ملکوں کے تصادم کے تباہ کن نتائج برآمد ہوں گے،جیسا حملہ ہوا ویسا ہی جواب ہو گا،ہم بھارت کی کسی بھی جارحیت کا ناپ تول کر جواب دیں گے۔وزیر دفاع نے ماضی میں سویت یونین کے خلاف جنگ میں پاکستان کی شرکت کو بھی غلطی قرار دیا اور کہا کہ اگر ہم سویت یونین اور نائن الیون کے بعد امریکی جنگ میں شامل نہ ہوتے تو پاکستان کا بے داغ ریکارڈ ہوتا۔خواجہ آصف نے اپنے انٹرویو میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت بین الاقوامی قوتوں کو خطے میں کشید گی میں کمی کے لیے کردار ادا کرنے کی اپیل کی۔
