معاشی مشکلات کا حل،عمران خان نے ماہرین پر مشتمل کمیٹی قائم کر دی

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی )چیئر مین تحریک انصاف عمران خان نے سابق وزیر خزانہ شوکت ترین کی سربراہی میں سیاسی اور معاشی ماہرین پر مشتمل خصوصی کمیٹی قائم کر دی،کمیٹی آئندہ چند روز میں پاکستان میں حکومت کی تبدیلی کی معاشی قیمت کے متعلق چیئر مین تحریک انصاف عمران خان کو آگاہ کرے گی،کمیٹی موجودہ معاشی بحران اور اس سے نکلنے کا جامع طریقہ کار بھی تجویز کرے گی،کمیٹی غریب اور نادار طبقہ کو معیشت کے بدترین اثرات سے بچانے اور ان کی امداد کے طریقہ کار بھی تجویز کرے گی،کمیٹی توانائی،صنعت،سماجی بہبود،تجارت،زراعت سمیت دیگر 17 شعبوں کے ماہرین سے خدمات لے گی۔

پی ٹی آئی کی معاشی ٹیم کا اجلاس عمران خان کی زیر صدارت منعقد ہوا،اجلاس میں مرکزی سیکرٹری جنرل اسد عمر،مرکزی سینئر نائب صدور فواد چوہدری اور ڈاکٹر شیریں مزاری اور سابق وزیر خزانہ شوکت ترین سمیت دیگر نے شرکت کی،اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اور ابتر معاشی حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا،شوکت ترین کی جانب سے چیئرمین تحریک انصاف کو ملکی معیشت کو بہتری کی راہ پر ڈالنے اور غریبوں کو معاشی تباہی کے بدترین اثرات سے محفوظ رکھنے کی حکمت عملی پر بریفنگ دی گئی،

اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ اچھی بھلی مستحکم اور ترقی کرتی معیشت کو بیرونی سازش کے ذریعے تباہی کے گھاٹ اتار دیا گیا،ملک کو سیاسی عدم استحکام کا شکار کر کے بغیر تیاری کے نااہل اور نالائقوں کے ٹولے کو مسلط کیا گیا،دیوالیہ پن کے کنارے پر کھڑی معیشت کو ساڑھے 3 برس میں استحکام کی دہلیز پر لانے کے لئے کی جانے والی محنت کو ہفتوں میں برباد کر دیا گیا،آج عوام کا بڑا حصہ بدترین مہنگائی،بجلی کی ہوشربا قیمتوں اور معیشت کی سست روی کی بھینٹ چڑھ رہا ہے،تحریک انصاف معیشت کی بحالی کا مکمل روڈ میپ تیار کرے گی اور اپنے غریب طبقے کو بچانے کے لئے سوچ بچار کریں گے،ملک کو معاشی تباہی کی دلدل سے نکالنے کا واحد رستہ صاف شفاف فوری انتخابات ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں