شیخ رشید کی وفاقی کابینہ کیخلاف درخواست پر عدالت برہم

اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)اسلام آباد ہائیکورٹ میں 72 رکنی وفاقی کابینہ کی تشکیل کے خلاف شیخ رشید کی درخواست پر سماعت ،سیاسی نوعیت کی پٹیشن عدالت لانے پر اسلام آباد ہائی کورٹ شدید برہم جبکہ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے تنبیہ کی ہے کہ آئندہ ایسی پٹیشن لائی تو مثالی جرمانہ عائد کریں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں 72 رکنی وفاقی کابینہ کی تشکیل کے خلاف درخواست کی سماعت کے دوران شیخ رشید اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے ۔اس دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پارلیمنٹ کی مزید بے توقیری نہ کریں یہی مائنڈ سیٹ ہے جس نے پارلیمنٹ کو نقصان پہنچایا۔جس پر شیخ رشید کے وکیل نے کہا کہ اس حوالے سے عدالت کے علاوہ ہمارے پاس اور کوئی فورم نہیں۔

چیف جسٹس کا کہناتھا کہ اس پارلیمنٹ کی بے توقیری بہت ہو چکی ایسی پٹیشن عدالت نہیں آنی چاہیے، پارلیمنٹ میں منتخب نمائندے ہیں وہ فورم ہے عدالت مداخلت نہیں کرے گی۔شیخ رشید نے استدعا کی کہ پٹیشن واپس لے لیتے ہیں ، چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے مناسب آرڈر پاس کریں گے ،ماضی میں عدالتوں کا غلط استعمال کیا گیا اب اس کو ختم ہونا چاہیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں