اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)مسلم لیگ ن کے رہنما و سینیٹر اسحاق ڈار نے وفاقی وزیر خزانہ کی حیثیت سے حلف اٹھالیا، حلف برداری کی پروقار تقریب بدھ کو یہاں ایوان صدر میں منعقد ہوئی،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ان سے حلف لیا۔حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف،وفاقی وزرا،وزیراعظم کے معاونین خصوصی،اراکین پارلیمنٹ، سول و فوجی افسران اور مسلم لیگ(ن)کے رہنماوں سمیت سیاسی عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔واضح رہے کہ اسحاق ڈار نے گزشتہ روز سینیٹر منتخب ہونے کے تقریبا ساڑھے چار سال بعد حلف اٹھایا تھا۔اسحاق ڈار جب گزشتہ روز حلف اٹھانے سینیٹ اجلاس میں پہنچے تھے تو اپوزیشن نے چیئرمین ڈائس کا گھیراو کرلیا تھا اور شدید نعرے بازی کی تھی۔اس ہنگامہ آرائی کے دوران پلے کارڈز اٹھائے اپوزیشن سینیٹرز نے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ کر اسحاق ڈار پراچھال دی تھیں۔حلف کے بعد اپوزیشن ارکان اسحاق ڈار کی جانب بڑھے تو سارجنٹ ایٹ آرمز نے ڈار کو حصار میں لے لیا تھا۔
