اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیراعظم شہباز شریف نے مفتاح اسماعیل کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں ان کی بطور وزیر خزانہ عوامی خدمات کو سراہتا ہوں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس حوالے سے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ میں ڈاکٹر مفتاح اسماعیل کی بطور وزیر خزانہ عوامی خدمات کو سراہتا ہوں، انہوں نے معاشی بحران کےدوران مشکل ترین کام کو اپنایا۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ مفتاح اسماعیل نے آئی ایم ایف پروگرام کے ساتھ کامیابی سے بات چیت کی اور پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کی کوشش کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ مفتاح اسماعیل نے مشکل وقت میں قوم کی خدمت کی، میں ان کی پیشہ ورانہ مہارت اورعزم کا سب سے زیادہ احترام کرتا ہوں۔واضح رہے کہ ن لیگی سینیٹر اسحاق ڈار نے وزیر خزانہ کا حلف اٹھا لیا ہے۔اسحاق ڈار کی تقریب حلف برداری ایوان صدر میں ہوئی، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ان سے حلف لیا، تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزرا سمیت دیگر نے شرکت کی۔