کشمیریوں کا جوش و خروش اپنے عروج پر،مظفر آباد جلسہ تاریخی ثابت ہو گا،سردار تنویر الیاس

مظفرآباد(وقائع نگار خصوصی)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر و صدر تحریک انصاف آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ مظفر آباد کا تاریخی جلسہ ثابت کرے گا کہ کشمیری عوام اپنے سفیر (عمران خان) کے ساتھ کھڑے ہیں ،مظفر آباد میں عمران خان کا تاریخی استقبال کیا جائے گا ،آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کارکنوں کا جوش و خروش اپنے عروج اور اہلیان کشمیر اپنے سفیر کا تاریخی استقبال کرنے کے لئے بے تاب ہیں۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے 29 ستمبر مظفرآباد جلسے پر کارکنان کے نام اہم وڈیو پیغام میں وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کا کہنا تھا کہ عمران خان آزادکشمیر میں تحریک انصاف کی حکومت قائم ہونے کے بعد پہلی بار کل 29 ستمبر بروز جمعرات دوپہر 2 بجے یونیورسٹی گراونڈ مظفرآباد میں تشریف لا رہے ہیں ،چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ” سٹیس کو “کے خلاف انتھک جدوجہد کرتے ہوئے 50 سے زائد بڑے جلسے کر چکے ہیں، ملک کے ہر شعبے ہر عمر کے لوگوں کی واحد امید عمران خان ہے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف نے عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو بہترین انداز میں پیش کیا، دنیا کو یہ باور کروایا کہ کشمیر کا مسئلہ زمینی نہیں بلکہ وہاں رہنے والے ڈیڑھ کروڑ مسلمانوں کے مستقبل کا مسئلہ ہے،مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کی امید بھی عمران خان ہے، محکوم و مظلوم کشمیری متعدد بار چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کر چکے ہیں ۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ دارالحکومت مظفرآباد میں کارکنان کا جوش و خروش عروج پر ہے، اہلیانِ کشمیر اپنے سفیر کا تاریخی استقبال کرنے کو بے تاب ہیں، کل کا جلسہ آزادکشمیر کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا
وزیراعظم آزادکشمیر نے کارکنان کے نام پیغام میں کہا کہ تمام عہدیدران و کارکنان جلسے میں بھرپور شرکت کریں تا کہ دنیا کو یہ واضح پیغام جائے کہ کشمیر اپنے سفیر عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں