عوام کو نیا جھٹکا دینے کی تیاری،بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان

اسلام آباد (نیوز رپورٹر)بجلی 22 پیسے فی یونٹ مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے،اضافہ اگست کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا جائے گا۔

سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے)کی بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست پر نیپرا میں جمعہ کے روز سماعت ہوگی۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ اگست میں پانی سے 38 اعشاریہ10 فیصد،کوئلے سے 15 اعشاریہ39فیصد بجلی پیداکی گئی جبکہ کوئلے سے بجلی کی پیداوار کی لاگت 20روپے 54پیسے تھی۔اگست میں فرنس آئل سے 7اعشاریہ 27،مقامی گیس سے 9 اعشاریہ 36فیصد بجلی پیدا کی گئی،فرنس آئل سے بجلی کی پیداواری لاگت35روپے61پیسے رہی۔

درخواست کے مطابق مقامی گیس سے بجلی کی پیداواری لاگت10روپے49پیسے رہی اور اس عرصے میں درآمدی ایل این جی سے 12.49 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔سی پی پی اے نے بتایا کہ اگست میں آر ایل این جی سے فی یونٹ پیداواری لاگت 24روپے72 پیسے رہی، اگست میں جوہری ایندھن سے بجلی کی پیداوار 13 اعشاریہ 34فیصد رہی،اگست میں 13ارب 63 کروڑ 87 لاکھ یونٹ بجلی پیدا کی گئی، بجلی کی پیداواری لاگت 10 روپے11پیسے فی یونٹ رہی، اگست کے لیے ریفرنس فیول لاگت9روپے89پیسے فی یونٹ مقرر کی گئی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں