اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کرکے عوام کو معمولی ریلیف فراہم کردیا جبکہ ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں بھی ایک ماہ کی توسیع کردی۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر خزانہ کا عہدہ سمبھالنے کے بعد پہلی بار پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے بتایا کہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 12 روپے 63 پیسے کم کردی گئی ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 224 روپے 80 پیسے فی لیٹر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی قیمت 12روپے 13 پیسے فی لیٹرکمی کے بعد 235 روپے 30 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جب کہ لائٹ ڈیزل آئل 10روپے 78 پیسے سستا ہونے کے بعد 186 روپے 50 پیسے فی لیٹر میں میسر ہوگا۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 10 روپے 19 پیسے کی کمی کردی گئی ہے جس کے بعد فی لیٹر مٹی کے تیل کی نئی قیمت191 روپے 83 پیسے فی لیٹر ہوگی۔وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں 31 اکتوبر تک توسیع کر دی ہے۔