اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد ریجن کے صدر علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ ن لیگ کی سیاست جھوٹ سے شروع ہوتی ہے جھوٹ پر ختم،شریف فیملی کا موٹو جھوٹ ہے،ہمارے پراجیکٹس کے دوبارہ افتتاح کیے جارہے ہیں،ہم نے اسلام آباد کو شناخت دی،دیہی شہری کی تفریق ختم کی۔
سابق ارکان قومی اسمبلی راجہ خرم نواز اور صداقت علی عباسی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علی نواز اعوان نے کہا کہ شریف فیملی کا موٹو دھوکہ اور فریب ہے یہ سمجھتے ہیں کہ عوام بے وقوف بن جائیں گے مگر عوام کو عمران خان نے شعور دے دیا ہے۔
علی نواز اعوان نے کہا کہ خواجہ آصف نے کہا تھا کہ عوام 4 دن میں پانامہ کو بھول جائیں گے مگر عوام باشعور ہے،یہ نہ بھولے گی نہ بھولنے دے گی،مریم نواز نے کہا تھا کہ میری لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں اور کروڑوں روپے کی جائیداد کی مالک بن کر بیٹھی ہوئی ہے۔
علی نواز اعوان نے کہا ہم نے سی ڈی اے کو خسارے سے نکال کر منافع بخش ادارہ بنایا،آج سی ڈی اے اپنے پراجیکٹس خود بناتا ہے بہارہ کہو بائی پاس ایک وسیع تر منصوبے کا حصہ ہے،جس کا سنگ بنیاد وزیراعظم عمران خان نے اپریل 2021 میں مارگلہ ہائی وے کے طور پر رکھا اور شوباز شریف نے کل پھر رنگ بازی کرتے ہوئے عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ 2008 کے بعد اسلام آباد کی آبادی ڈیڑھ گنا بڑھی اور دس سال میں اسلام آباد کا بیڑہ غرق کیا گیا،ن لیگ نے اپنا ایک ٹھیکیدار اٹھا کر اسلام آباد کا میئر بنا دیا،اسلام آباد کا کوئی والی وارث نہیں تھا،ہم نے اسلام آباد کو لیڈر شپ دی،ہم نے جی سیون انڈر پاس، پی ڈبلیو ڈی انٹر چینج دیے،نئے پیڈسٹرین پل بنائے،اس وقت بھی آئی جے پی روڈ،سیون ایونیو فلائی اوور، 10 ایونیو تکمیل کے قریب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا میں اس مخلوق نے مودی جیسا لاک ڈاون کا کہا مگر عمران خان نے پاکستان کو ایسے ممالک کی صف میں کھڑا کیا جنہوں نے کورونا سے جان چھڑائی اور معیشت بھی بچائی۔
اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے راجہ خرم نواز نے کہا کہ پاکستانی عوام کو بار بار بےوقوف بنانے کی کوشش کی جاتی ہے مگر عوام کو عمران خان نے شعور دے دیا ہے،یہ سمجھتے ہیں کہ پاکستان کی عوام کی رائے کی کوئی اہمیت نہیں،جو حق ایلیٹ کو مل رہا ہے وہ عام پاکستانی کو بھی ملے،آج عام پاکستانی شرمندہ ہے،چور،ڈاکو وزیر خزانہ،وزیر داخلہ،وزیر اعظم بن گئے،ان کو لیکس میں کچھ نہیں مل رہا،اب صحت کارڈ بند کروا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ کشمیریوں پر ظلم ڈھانے والے بھارت کے ساتھ تجارت اور ذاتی کاروبار کی راہیں ہموار کررہے ہیں۔سابق رکن قومی اسمبلی صداقت علی عباسی نے کہا کہ شوبازیاں کرنا اس حکومت کا طرہ امتیاز ہے بہارہ کہو بائی پاس کا دوبارہ سنگ بنیاد رکھ کر مذاق کیا گیا۔