اسلام آباد (کورٹ رپورٹر)اسلام آباد کی ایڈیشنل سیشن کورٹ نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید کی ضمانت منظور کرلی،
مراد سعید کا کہنا تھا کہ حکومت کو سوات کی صورتحال کے بارے میں سوچنا چاہیئے۔ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مراد سعید کی درخواست ضمانت 5 ہزار روپے کے مچلکوں پر منظور کی۔عدالت میں پیش ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد سعید کا کہنا تھا کہ کیا اپنے ملک اور خوداری کی بات کرنا غداری ہے، حکومت کو سوات کی صورت حال کے بارے میں سوچنا چاہیئے،ہمیں کسی کی جنگ میں ایندھن نہ بنایا جائے.انہوں نے کہا کہ جب حقیقی آزادی مارچ کا اعلان ہوگا تو مزید ایف آئی آرز کٹیں گی، مجھ پر مقدمات اس لئے بن رہے ہیں کیونکہ میں امریکا کی غلامی کو نہیں مانتا۔سابق وزیر نے اپنے حلقہ انتخاب سوات کی صورت حال پر کہا وزیر داخلہ کہتے تھے وہاں سب اچھا ہے مگر وہاں کے لوگوں نے اصل حالات سب کو بتا دیئے،رانا ثناءاللہ سوات پر دھیان دیں۔