آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات کااعلان،سردار تنویر الیاس کی پی ٹی آئی کارکنوں کو اہم ہدایات جاری

مظفرآباد (وقائع نگار خصوصی) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ عوام سے کیا گیا اپنا ایک اور وعدہ پورا کر دیا،بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا اعلان پی ٹی آئی حکومت کا ایک بڑا کارنامہ ہے،پی ٹی آئی نے اپنے منشور میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا وعدہ کیا تھا جسے پورا کر دیا گیا ہے، تحریک انصاف نے گھسے پٹے سیاسی جمود کو توڑ کر ایک نئی سیاسی امنگ پیدا کی جس کا مقصد خودداری کے ساتھ جینا اور اپنے ملک کا وقار بلند کرنا ہے،عمران خان نے پچھلے تیس سال سے ملک پر مسلط ٹولے کو للکار کر فرسودی نظام میں دراڑیں ڈال دی ہیں قوم میں اب شعور بیدار ہو چکا ہے، انہیں اچھے برے کی تمیز آ چکی ہے، یہ وہ سوچ ہے جو عمران خان نے دی ہے،بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کے لئے تحریک انصاف کے کارکن کمر کس لیں اور کامیابی کیلیے میدان میں اتر جائیں،کارکنوں کو ملکر کام کرنا ،ایک دوسرے کا دست و بازو بننااور عمران خان کے نظریے کو کے کر آگے چلنا ہو گا،کامیابی صرف نعروں سے نہیں ملتی، اس کے لئے لگن اور جذبے سے کام کرنے کی ضرورت ہے، جو زیادہ محنت کرتا ہے کامیابی اسکے قدم چومتی ہے۔
وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار بلدیاتی انتخابات کے اعلان پر اپنے ردعمل اور پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوے کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ اب ہر شہر گلی اور محلے میں ترقیاتی کام ہونگے،آج اس وعدے کی تکمیل ہو رہی ہے جس کا وعدہ ہم نے کشمیری عوام سے کیا تھا،آزاد کشمیر میں 32 سال بعد بلدیاتی انتخابات ہونے جا رہا ہے ہیں،ایک پوری جنریشن نے بلدیاتی انتخابات کا صرف نام سنا تھا جو اب اپنی آنکھوں سے دیکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت الیکشن کمیشن کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریگی، ووٹرز کی آسانی کیلئے بھی ہر سطح پر اقدامات کئے جائیں گے، بلدیاتی انتخابات سے آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی،بلدیاتی انتخابات کے ذریعے آزاد کشمیر میں پسماندگی کو دور کرنے کا ایک تاریخی موقع ہے،ہمیں بلدیاتی انتخابات نہ کرانے کے حوا لے سے بھی باتیں سسنا پڑی،سوشل میڈیا پر طرح طرح کے تبصرے کئے گئے مگر الحمد للہ ہم اپنے وعدے میں کامیاب ٹھہرے، پی ٹی آئی عوام سے جو وعدے کرتی ہے اسے پورا بھی کرتی ہے۔
دریں اثناء وزیراعظم کی زیر صدارت پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا،ہارلیمانی پارٹی نے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے اس موقع پر پارلیمانی پارٹی کے ارکان کا شکریہ ادا کرتے ہوے کہا کہ آپ کا تعاون میرا سرمایہ ہے، جس طرح آپ نے میرا ساتھ دیا اور مجھ پر اعتماد کا اظہار کیا میں اس پر آپ سب کا مشکور ہوں۔انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے پاکستان سیاسی میدان میں نورا کشتی کا شکار رہا ہے، دو پارٹیوں نے ملک کے چالیس سال ضائع کئے اور ایک دوسرے کے ساتھ بظاہر الجھتے مگر اندر سے ایک رہے اور کرپشن میں ایک دوسرے کو کندھا فراہم کرتے رہے، قومی دولت کو بے دردی سے لوٹا گیا اور بیرون ملک جائیدادیں بنائیں،اب بھی جب موقع ملتا ہے تو ملک و قوم کو بے یارو مددگار چھوڑ کر باہر بھاگ جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سیاسی انحطاط میں ایک شخص جسے عمران خان کہتے ہیں نے ان سیاسی قوتوں کو للکارا جو ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کر رہے تھے،عمران خان نے سیاسی جمود کو توڑتے ہوے قوم کی مدد سے فرسودہ نظام کو اکھاڑا جس پر ایسے عناصر جو کرپشن میں لت پت ہیں گھبرا گئے ہیں، عمران خان کا نظریہ علامہ اقبالؒ کے نظریے کے مطابق خودداری سے جینے کا ہے، وہ اس ملک اور اس قوم کو عزت سے دنیا کے سامنے جینے کا حق دلوانا چاہتا ہے جو اغیار کی غلامی کرنے والوں کو قبول نہیں ہے۔
وزیراعظم نے کہا اب فیصلہ قوم نے کرنا ہے کہ وہ غلامی میں جینا چاہتی ہے یا عمران خان کے نظریہ حقیقی آزادی کے ساتھ آگے بڑھنا چاہتی ہے، آزادجموں و کشمیر کے عوام نے عمران خان کے نظریہ خودداری کو پسند کیا اور عام انتخابات میں تحریک انصاف کے امیدوار وں کو ووٹ دیکر یہ ثابت کیا کہ کشمیری عوام علامہ اقبالؒ کے وارث کے ساتھ ہیں۔ وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ آئندہ بلدیاتی انتخابات میں کامیابی کیلیے بھی عمران خان کے نظریے کے مطابق اسی ڈسپلن سے کام کرنا ہو گا تاکہ خدمت کے اس سفر کو اسی جذبہ کے ساتھ جاری رکھا جا سکے جو ہم نے شروع کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعتی ڈسپلن کی مکمل پابندی کی جائے اور محنت اور کام کے ذریعے آگے بڑھا جائے تاکہ عوام کو سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں