برطانیہ کا سیلاب متاثرین کیلئے مزید ڈھائی ارب روپے امداد کا اعلان

اسلام آباد(وقائع نگار )برطانیہ نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے مزید ڈھائی ارب روپے امداد کا اعلان کر دیا۔

جنوبی ایشیا کے لیے برطانوی وزیر لارڈ طارق احمد نے پاکستان کا دورہ کیا ،اس موقع پر انہوں نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے امداد کا اعلان کیا۔لارڈ طارق احمد نے کہا کہ برطانیہ پاکستان میں سیلاب متاثرین کی امداد جاری رکھے گا۔برطانوی وزیر اپنے دورہ پاکستان کے دوران اعلی حکام اور رفاہی تنظیموں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔


دوسری طرف وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے وزیر مملکت برائے جنوبی ایشیا و دولت مشترکہ لارڈ طارق احمد کی ملاقات ہوئی ہے،وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور برطانوی وزیر مملکت لارڈ طارق احمد کی ملاقات کے موقع پر برطانوی ہائی کمشنر کرسچن ٹرنر بھی موجود تھے۔وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری اور برطانوی وزیر مملکت لارڈ طارق احمد کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور سمیت پاک برطانیہ دوطرفہ تعلقات اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو لارڈ طارق احمد نے برطانوی حکومت کی جانب سے اضافی 10 ملین پاونڈ کی امداد سے آگاہ کیا،بلاول بھٹو زرداری نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی اضافی سمیت مجموعی طور پر 26 ملین پاونڈ سے زائد امداد پر برطانیہ کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے گہرے تاریخی روابط ہیں،موسمیاتی تبدیلی کا مقابلہ کرنے کے لئے پاکستان اور برطانیہ کو مل کر کام کرنا ہوگا،پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تجارتی روابط میں مزید اضافہ وقت کی ضرورت ہے۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور برطانوی وزیر مملکت لارڈ طارق احمد نے پاک برطانیہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں