ضمنی انتخابات،عمران خان کا جادو چل گیا

پشاور(وقائع نگار خصوصی)سندھ، پنجاب اور خیبر پختون خوا کے قومی اسمبلی کے 8 میں سے 7کے مکمل نتائج موصول ہوگئے، اب تک کے نتائج کے مطابق تحریک انصاف قومی اسمبلی کی 5 نشستوں پر کامیاب ہوگئی۔قومی اسمبلی کی پشاور، مردان، چارسدہ ،فیصل آباد اور ننکانہ صاحب کی نشستوں پر عمران خان کامیاب ہوگئے جبکہ ملتان اور ملیر کراچی میں پیپلز پارٹی نے کامیابی حاصل کی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی آٹھ نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخاب کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ اور سابق وزیراعظم عمران خان کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے اور’ کپتان ‘نے سات میں سے پانچ نشستوں پر بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے وفاق کی 13جماعتوں پر مشتمل حکمران اتحاد کو شکست فاش سے دوچار کر دیا ہے ، اب تک کے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی قومی اسمبلی کی 2 نشست پر کامیاب ہوئی ہے، این اے 237 کراچی ملیر میں پیپلز پارٹی کے عبدالحکیم بلوچ نے عمران خان کو شکست دے دی،عبدالحکیم بلوچ 32567 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ عمران خان 22493 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ملتان سے پیپلز پارٹی کے علی موسیٰ گیلانی نے پی ٹی آئی کی مہر بانو قریشی کو 20 ہزار ووٹوں سے ہرا دیا۔ علی موسیٰ گیلانی 79743 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ مہر بانو قریشی نے 59993 ووٹ حاصل کیے۔
این اے 22 مردان کے 330 تمام پولنگ اسٹیشن کا غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجہ آگیا، جس کے مطابق عمران خان نے جے یو آئی کے امیدوار کو 8500 ووٹوں سے ہرادیا۔ عمران خان 76681 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ جمعیت علما اسلام کے محمد قاسم نے 68181 ووٹ حاصل کیے۔این اے 24 چارسدہ 2 کے تمام پولنگ سٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان 78589 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے، جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے ایمل ولی خان نے 68356 ووٹ حاصل کیے۔این اے 31 پشاور کے تمام 265 پولنگ سٹیشنز کا غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ آگیا، عمران خان نے غلام احمد بلورکو 25 ہزارووٹوں سے ہرا دیا۔این اے 108 فیصل آباد؛ تمام 354 پولنگ اسٹیشنز کا غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ سامنے آگیا، جس کے مطابق عمران خان نے عابد شیرعلی کو 24471 ووٹوں سے ہرا دیا۔ عمران خان 99602 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے، جبکہ مسلم لیگ ن کے عابد شیر علی 75131 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔این اے 118 ننکانہ صاحب کے تمام پولنگ سٹیشن کے غیر حتمی نتائج موصول ہو گئے ہیں جس کے مطابق عمران خان 90 ہزار 180 ووٹ لے کر کامیاب جب کہ ن لیگ کی شذرہ منصب علی خان 78 ہزار 24ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہیں۔کراچی کے حلقے این اے 239 کورنگی کے 275 پولنگ سٹیشنز کے غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی کے عمران خان 42134 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ ایم کیو ایم کے سید نیئر رضا 14360 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن نے پہلی کامیابی حاصل کر لی۔ پنجاب سے صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 139 شیخوپورہ سے مسلم لیگ ن نے سخت مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کی ہے۔ ن لیگ کے افتخار احمد بھنگو 40 ہزار 829 ووٹ لے کر کامیابی قرار پائے ہیں۔ان کے مدمقابل تحریک انصاف کے محمد ابوبکر نے 37 ہزار 712 ووٹ حاصل کیے۔پی پی 209 خانیوال کے صوبائی حلقے سے تمام پولنگ سٹیشنز کے غیر سرکاری نتائج موصول ہوگئے جن کے مطابق تحریک انصاف کے فیصل خان نیازی 71 ہزار 586 ووٹ لے کر کامیاب جبکہ مسلم لیگ (ن) کے چوہدری ضیا الرحمان 57 ہزار 864 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
پی پی 241 بھاول نگر کے صوبائی حلقہ سے تمام پولنگ سٹیشنز کے غیر سرکاری نتائج موصول ہوگئے جن کے مطابق تحریک انصاف کے ملک مظفر 59 ہزار 956 ووٹ لے کر کامیاب جبکہ مسلم لیگ (ن) کے امان اللہ باجوہ 48 ہزار 47 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں