اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کی رہنما شمائلہ حیدر نے کہا ہے کہ ضمنی انتخابات سے ثابت ہو گیا کہ مکس اچار پارٹیوں کے مقابلے میں عمران خان”کلا ہی کافی” ہے،اگر اب بھی کسی کو عمران خان کے عوام کا لاڈلہ ہونے میں شک ہے تو اس کی سیاسی بصیرت پر ماتم ہی کیا جاسکتا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی ضمنی انتخابات میں شاندار فتح پر چیئرمین عمران خان اور پی ٹی آئی کارکنان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے شمائلہ حیدر نے کہا کہ ان ضمنی انتخابات میں فتح سے عمران خان کی مقبولیت نوشتہ دیوار بن چکی ہے، جسے دیگر جماعتیں جتنی جلدی پڑھ لیں اتنا بہتر ہوگا ،عمران خان کی 7 میں سے 6 نشستوں پر کامیابی سے ان کا یہ قول سچ ثابت ہو گیا کہ مکس اچار پارٹیوں کے مقابلے میں میں کلا ہی کافی ہوں۔
شمائلہ حیدر کا کہنا تھا کہ پہلے پنجاب اور اب پورے پاکستان میں بھرپور کامیابی کے بعد یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہو چکی ہے کہ عمران خان کسی اور کا نہیں صرف عوام کا لاڈلہ ہے ،آج خیبر تا کراچی ووٹ صرف عمران خان کا ہے ،آزاد کشمیر کے بلدیاتی انتخابات میں بھی تحریک انصاف پارٹی صدر اور وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کی قیادت میں تاریخ ساز کامیابی حاصل کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت اسی لیے عام انتخابات سے بھاگ رہی ہے کیونکہ اس کو اپنی شکست سامنے نظر آرہی ہے، ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام صرف نئے انتخابات سے ممکن ہے، جب تک اقتدار عوام کے حقیقی نمائندوں کو منتقل نہیں کیا جاتا، ملک میں بے یقینی کی کیفیت ختم نہیں ہوسکتی جس کی قیمت عوام کو دینا پڑ رہی ہے۔
