ارشد شریف سے متعلق نامناسب ٹویٹ،مریم نواز نے معافی مانگ لی

لندن (سٹاف رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے ارشد شریف سے متعلق نامناسب ٹویٹ پر معافی مانگ لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ میرے ٹویٹ کا مقصد کسی کا مذاق اڑانا نہیں تھا،ٹویٹ سے غمزدہ لوگوں کو کوئی تکلیف پہنچی ہے تو معافی چاہتی ہوں۔مریم نواز نے موقف اختیار کیا ہے کہ ارشد شریف کے غمزدہ خاندان کیلئے دعا گو ہوں،خدا کرے کہ کسی کو بھی اس مشکل سے گزرنا نہ پڑے۔مریم نواز نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میرا کسی کو تکلیف پہنچانے کا ارادہ نہیں تھا اور نہ ہی چاہتی ہوں کہ کبھی کسی کو بھی اس تکلیف سے گزرنا پڑے۔ مریم نواز نے ارشد شریف کے اہل خانہ سے معذرت کرتے ہوئے ان سے تعزیت کی اور متوفی کے اہل خانہ کو بہادر گھرانہ قرار دیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل مریم نواز نے کینیا میں پاکستانی صحافی ارشد شریف کے قتل کو بنی نوع انسان کے لیے ایک سبق قراردیتے ہوئے اپنی جماعت کے ایک سپورٹرکی ٹویٹ کو ری ٹویٹ کیا جس میں ارشد شریف کے بطورٹی وی اینکرسابقہ شوز کا حوالہ دیا گیا ہے،جب مریم نواز کی والدہ اور سابق وزیراعظم نوازشریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز گلے کے کینسرکے باعث لندن میں زیرعلاج تھیں تاہم مریم نواز کی اس ٹویٹ کی ہر جانب سے مذمت کی جا رہی ہے حتیٰ کہ پارٹی کے حامیوں نے بھی ان سے ٹویٹ ڈیلیٹ کرنے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ صحافتی حلقوں میں مریم نواز کے ٹویٹ پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں