اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)ڈی جی آئی ایس آئی جنرل ندیم احمد انجم نے انکشاف کیا ہےکہ آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کو غیرمعینہ مدت تک عہدے پرہنے کی پیشکش کی گئی لیکن آرمی چیف نے اسے ٹھکرا دیا کیونکہ وہ ادارے کو متنازعہ نہیں بنانا چاہتے تھے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران جنرل ندیم احمد انجم نے کہاکہ میں یہ ضرور پوچھنا چاہتا ہوں کہ آپ کو حق ہے اپنی رائے دینے کا،میں اس حق کا احترام کرتا ہوں،بحیثیت سولجر میں اس حق کا احترام کرتا ہوں اور اس حق کا ہر ممکن حد تک تحفظ کروں گا لیکن میں یہ ضرور پوچھنا چاہتا ہوں کہ اگر آپ کو یہ یقین ہے کہ آپ کا سپہ سالار غدار ہے اور میرجعفر ہے تو ماضی میں آپ اتنی تعریفوں کے پل کیوں باندھتے تھے،اگر آپ کو یہ یقین ہے کہ آپ کا سپہ سالار غدار ہے اور میرجعفر ہے تو آپ اس کی مدت ملازمت میں اتنی توسیع کیوں کررہے تھے؟
انہوں نے کہا کہ یہ عجیب بات ہے کہ آپ سمجھتے ہیں کہ سپہ سالار غدار ہے اور میرجعفر ہے لیکن آپ ان کو کہہ رہے ہیں کہ اگر آپ کو ساری زندگی اس ملازمت پر رہنا ہے تو رہیں،اگر وہ واقعی آپ کی نظر میں غدار ہیں تو پھر آج بھی ان سے پس پردہ کیوں ملتے ہیں،مجھے آپ کے ملنے پر اعتراض نہیں ہے،آپ ملیے، ہمارا فرض ہے اس ملک کے ہر شہری کی آواز پر لبیک کہنا لیکن یہ نہ کریں کہ آپ رات کی خاموشی میں بند دروازوں کے پیچھے ہم سے ملیں اور اپنے آئینی و غیرآئینی خواہشوں کو اظہار کریں،یہ بھی آپ کا حق ہے لیکن یہ نہیں ہوسکتا کہ دن کی روشنی میں آپ اسی شخص کو غدار کہیں،آپ کے قول و فعل اور فکر و تدبر میں اتنا بڑا تضاد ٹھیک نہیں ہے۔