لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے رکن پنجاب اسمبلی خرم سہیل لغاری نے جاری کئے جانے والے اپنے ویڈیو نئے پیغام میں پارٹی چھوڑنے کا اعلان واپس لیتے ہوئے لانگ مارچ میں شریک ہونے کا اعلان کردیا
تفصیلات کے مطابق اپنے ویڈیو بیان میں خرم لغاری کا کہنا تھاکہ میرا قافلہ لانگ مارچ میں شرکت کیلئے رواں دواں ہے اور مونس الٰہی کی قیادت میں لانگ مارچ میں شرکت کے لئے جارہا ہوں، عمران خان اور پرویز الٰہی کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔
خیال رہے کہ رکن پنجاب اسمبلی خرم لغاری نے ایک ٹی وی پروگرام میں دعویٰ کیا تھا کہ وہ اور ان کے ساتھ پانچ دیگر ارکان اسمبلی نے پاکستان تحریک انصاف کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے تاہم لغاری اور جتوئی گروپ کے سربراہ چنو خان لغاری نے اپنے پیٹے خرم سہیل لغاری کے پارٹی چھوڑنے کے بیان سے لاتعلقی کا اعلان کیا تھا۔یاد رہے کہ خرم لغاری ماضی میں بھی پارٹی پالیسیوں پر تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں اور جب سابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے خلاف گروپ بنا تھا تو وہ اس میں بھی شامل تھے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں پارٹی چھوڑنے کے اعلان کے چند گھنٹوں بعد ہی جب پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان لانگ مارچ کے لیے لاہور کی جانب بڑھنے لگے تو جتوئی گروپ سے تعلق رکھنے والے رکن پنجاب اسمبلی خرم سہیل لغاری نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں اور لانگ مارچ میں شرکت کریں گے۔
اس سے قبل مختلف اراکین اسمبلی جن کا نام خرم لغاری نے لیا تھا ان سب نے پارٹی چھوڑنے کے بیان سے تعلقی ظاہر کی اور صوبائی وزیر نواب زادہ منصور احمد خان،رکن قومی اسمبلی عبداہائی دستی،عالم دار قریشی،عون حمید ڈوگر اور معظم علی خان نے آزادی مارچ میں شرکت کا اعلان کیا۔صوبائی وزیر نواب زادہ منصور احمد خان نے کہا کہ وہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور خرم لغاری کے بیان کی مذمت کرتے ہیں جبکہ عبداہائی دستی نے کہا کہ ہم سب پی ٹی آئی اور عمران خان کے ساتھ ہیں۔عون حمید ڈوگر نے کہا کہ کوئی بھی پارٹی نہیں چھوڑنا چاہتا جبکہ معظم علی جتوئی نے لانگ مارچ میں اپنی شرکت کی تصدیق کی ہے۔