راہوالی کینٹ(نمائندہ خصوصی)گوجرانوالہ میں پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی ) کے جاری لانگ مارچ میں ایک اور انسانی جان چلی گئی ،لانگ مارچ میں شریک ٹرالرکی ٹکر سے 19 سالہ موٹرسائیکل سوار سمیر جاں بحق اور 18 سالہ عثمان شدید زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے حقیقی آزادی مارچ کے 6 روز کے دوران مختلف واقعات میں 5 افرادجان سے جا چکے ہیں،ریسکیو ذرائع نے بتایاہے کہ لانگ مارچ کے چھٹے روز پی ٹی آئی کا ٹرالرغلط سمت سے تیزرفتاری سے آرہا تھا اور موٹر سائیکل سے جا ٹکرایا ،جس سے موقع پر ہی 19سالہ سمیر جاں بحق جبکہ 18سالہ عثمان شدید زخمی ہو گیا جسے مقامی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے ، حادثے کے بعد ٹرالر ڈرائیورموقع سے فرارہوگیا۔ریسکیو ذرائع نے بتایا کہ پی ٹی آئی کا ٹرالرمقامی رہنما چوہدری محمد رضوان مصطفیٰ سیال کی قیادت میں پنڈی بائی پاس پر آزادی مارچ میں شرکت کیلئے جارہا تھا۔افسوسناک واقعے کے بعد شہریوں نے احتجاجا روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کرکے گھڑی چور کے نعرے لگانے شروع کردیے۔
اس سے قبل لاہور سے شروع ہونے والے مارچ کے پہلے روزحسن بلوچ نامی شخص قافلے میں موجود ٹرک پر سوار تھا کہ چھت سے گر کر زخمی ہوگیا اور دوسرے روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال جا کر دم توڑ دیاجبکہ نجی ٹی وی چینل کی خاتون رپورٹر صدف نعیم بھی حادثے میں جاں بحق ہو چکی ہے ۔
