عقیدہ ختم نبوت کے تحفظ اور دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے،ساجد میر

سرگودھا( سٹاف رپورٹر)مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے کہ قادیانیت برصغیر کا سب سے بڑا فتنہ ہے اور اس فتنے کی سرکوبی کا اعزاز پاکستان کے پارلیمنٹ کو حاصل ہے،ہم نے عقیدہ ختم نبوتﷺ پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کا عہد کررکھا ہے،عقیدہ ختم نبوتﷺ اسلام کی بنیاد ہے،پورے دین کی عمارت اس پر قائم ہے۔صحابہؓ کرام کا سب سے پہلا اجماع اس عقیدہ ختم نبوتﷺ پر ہوا،عقیدت ختم نبوتﷺ پر کبھی آنچ بھی نہیں آنے دیں گے۔عقیدہ ختم نبوت ﷺکے تحفظ اور دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
مرکزی جمعیت اہل حدیث سرگودھا کے زیر اہتمام ختم نبوتﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ساجد میر نے کہاکہ مسلمانان برصغیر نے ختم نبوتﷺ کی تحریک میں جانوں کے نذرانے پیش کیے اور 1974میں مسلمانوں کو عظیم کامیابی ملی جب قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دیا گیا،کوئی بھی حکومت آئین میں قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دلانے کی شق کو تبدیل کرنے کی جرات نہیں کر سکتی،نبی کریم ﷺکو آخری نبی ماننا ہر مسلمان کا بنیادی عقیدہ ہے، ہم اس عقیدہ کے تحفظ کیلئے اپنا تن من دھن قربان کر دیں گے۔عقیدہ ختم نبوتﷺ پر نقب لگانے والوں پر نظر رکھنی اور ان کا محاسبہ جاری رکھنا ہے۔مسلمانان عالم ہر دور میں تحفظ ختم نبوت ﷺکیلئے بڑے حساس رہے ہیں اور مسلمانوں کی تاریخ اس عقیدہ کے تحفظ کیلئے قربانیاں دینے والوں سے بھری ہوئی ہے۔سیدنا صدیق اکبرؓ پہلے مجاہدِ ختم نبوت ہیں،مسیلمہ کذاب سے لیکر مرزا غلام احمد قادیانی تک، جس نے بھی ختم نبوت پر ضرب لگانے کی کوشش کی وہ ناکام ہوا۔
پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ کفریہ طاقتوں نے مسلمانوں سے روحِ محمدﷺ نکالنے کیلئے مختلف سازشیں شروع کر رکھی ہیں،ہم ببانگ دہل یہ کہنا چاہتے ہیں کہ قادیانیوں کو تحفظ دینے کی تمام سازشوں کو ناکام بنا دیں گے،آج بھی ہر مسلمان ناموس رسالت کی خاطر اپنا تن من دھن قربان کرنے کیلئے ہمیشہ تیار رہتا ہے۔کانفرنس میں مولانا محمد حسین بٹالوی،مولانا ثنااللہ امرتسری،مولانا ابراہیم میر سیالکوٹی کی رد قایادیانیت کے لیے خدمات پرانہیں خراج تحسین پیش کیا گیا،کانفرنس سے مولانا عبدالرشید حجازی،مولانا حافظ یونس آزاد،مولانا سبطین شاہ نقوی،مولانا عرفا ن اللہ ثنائی ودیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں