لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما بیرسٹراعتزاز احسن نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اعتزاز احسن نے لاہور میں عمران خان کی رہائش گاہ جا کر ان سے ملاقات کی اور خیریت بھی دریافت بھی کی۔ملاقات میں لانگ مارچ، سیاسی صورتحال اور وزیر آباد واقعے کی ایف آئی آر پر بھی مشاورت ہوئی۔ اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ اعتزاز احسن کو17 سال پہلے پی ٹی آئی میں شامل ہونے کی دعوت دی تھی کیونکہ ہمارا اور اعتزاز احسن کا نظریہ ایک ہی ہے، اعتزاز احسن کا مستقبل ہمارے ساتھ ہے، اعتزاز احسن میرے وکٹ کیپر ہوا کر تے تھے وہ کرکٹ کو بخوبی جانتے ہیں۔اعتزاز احسن نے کہا کہ جب عمران خان پر فائرنگ ہوئی تو اس وقت ٹی وی دیکھ رہا تھا اور ملزم نوید کے ویڈیو بیان کے بعد مجھے فون آیا تو میں نے کہا طوطا بول رہا ہے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو اتوار کو شوکت خانم ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا تھا۔یاد رہے کہ 3 نومبر کو پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران وزیر آباد میں عمران خان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا، جس میں پی ٹی آئی چیئرمین زخمی ہوئے تھے۔حملے میں ایک شخص جاں بحق اور پی ٹی آئی چیئرمین و دیگر رہنماوں سمیت 13 افراد زخمی ہوئے تھے۔فائرنگ کرنے والے شخص کو بعد میں کنٹینر کے قریب سے پکڑ لیا گیا تھا جس نے عمران خان پر فائرنگ کا اعتراف بھی کیا۔
