عمران پر حملہ اور پی ٹی آئی کا احتجاج،امریکہ بھی میدان میں آ گیا

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)ملک بھر میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے جاری لانگ مارچ اور احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ اورہنگامہ آرائی کے واقعات سے متعلق امریکا کا کہنا ہے کہ احتجاج کے دوران تشدد اور ہنگامی آرائی نہیں ہونی چاہیے بلکہ قانون کا احترام کیا جائے۔
امریکا کے محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائز کی جانب سے پریس بریفنگ میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے متعلق سوال کیا گیا جس پر انہوں نے امریکی محکمہ خارجہ انتونی بلنکن کے بیان کو دہراتے ہوئے کہ امریکا عمران خان پر حملے کی شدید مذمت کرتا ہے،ہم عمران خان پر حملے کی مذمت کرتے ہیں اور حملے میں عمران خان سمیت تمام زخمی افراد کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ سیاست میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہے،پاکستان میں احتجاج کے دوران ہنگامہ آرائی کی خبروں پر تشویش ہے،ہم تمام سیاسی جماعتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ تشدد،ہراساں کرنے سے باز رہیں اور قانون کی حکمرانی کا احترام کریں،ہم ایک جمہوری اور پرامن پاکستان کے لیے پرعزم ہیں اور ہم پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔
ترجمان سے جب سوال کیا گیا کہ وہ پاکستان میں حالیہ سیاسی بحران کے دوران سیاسی اور فوجی قیادت کو کیا پیغام دیں گے؟تو انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حالیہ دنوں میں جو ہورہا ہے ہم اس سے باخبر ہے اور تشویش ہے،تمام سیاسی جماعتوں کو تشدد اور ہنگامہ آرائی کاراستہ اختیار نہیں کرنا چاہیے،سیاسی جماعتوں کو اختلافات امن کے طریقے سے حل کرنا چاہیے،تمام لوگوں کو اظہار رائے کی آزادی،احتجاج کی آزادی کا حق حاصل ہے لیکن اس کا جواب تشدد ہر گز نہیں ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں