سڈنی(سپورٹس رپورٹر)ٹی 20 ورلڈ کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نیوزی لینڈ کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے فائنل میں پہنچ گیا ہے،153رنز کا ہدف پاکستانی شاہینوں نے با آسانی حاصل کر لیا،ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز محمد رضوان اور بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پہلا سیمی فائنل سڈنی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا گیا،نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔نیوزی لینڈ کے دیئے گئے 153 رنز کے تعاقب میں پاکستانی بلے بازوں نے شاندار بیٹنگ کی،اوپنر محمد رضوان اور کپتان بابر اعظم نے بہترین کھیل پیش کیا اور دونوں کی پارٹنر شپ میں پاکستان نے 105 رنز مکمل کیے۔محمد رضوان نے کھیل کا جارحانہ آغاز کرتے ہوئے پہلی گیند پر ہی چوکا لگا دیالیکن وہ اس سے زیادہ فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے اور پہلے اوور میں قومی ٹیم نے 7رنز بنائے۔بابر اعظم کو پہلی ہی گیند پر موقع ملا جب سلپ میں کھڑے ڈیون کونوے ان کا کیچ نہ لے سکے جبکہ بولٹ کے ایک اوور میں دونوں اوپنرز نے تین چوکے مارے۔دونوں کھلاڑیوں نے پاور پلے کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور چھ اوورز میں ٹیم کو 55رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا۔دونوں کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور دس اوورز کے اختتام تک کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔پورے ٹورنامنٹ میں آوٹ آف فارم رہنے والے پاکستان کے کپتان نے فارم میں واپسی کا ثبوت دیتے ہوئے 38 گیندوں پر 7 چوکوں کی مدد سے 50 رنز مکمل کئے۔ بابر اعظم اپنی ففٹی مکمل کرنے کے بعد 42 گیندوں پر 53 رنز بنا کر کیچ آوٹ ہو گئے جبکہ محمد رضوان بھی 36 گیندوں پر ففٹی کرنے میں کامیاب ہوئے تاہم وہ بھی 43گیندوں پر 57رنز بنا کر کیچ آوٹ ہو گئے۔اوپنرز کے آوٹ ہونے کے بعد محمد حارث اور شان مسعود نے ذمہ دارانہ انداز میں کھیلتے ہوئے ٹیم کو کامیابی دلانے میں اپنا کردار ادا کیا۔محمد حارث 30رنز بنا کر کیچ آوٹ ہوئے۔جس کے بعد آخری اوور کی پہلی گیند پر پاکستانی شاہینوں نے ہدف حاصل کیا ۔
اس سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے پہلا اوور شاہین شاہ آفریدی نے کرایا۔ پہلے اوور میں ہی نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 4 رنز پر گر گئی۔ شاہین شاہ آفریدی نے فن ایلن کو ایل بی ڈبلیو آوٹ کیا۔نیوزی لینڈ کا دوسرا کھلاڑی 38 کے مجموعی رنز پر آوٹ ہو گیا۔ اوپنر ڈیون کانوے 20 گیندوں پر 21 رنز بنا کر رن آوٹ ہو گئے۔ نیوزی لینڈ کا تیسرا کھلاڑی 49 کے مجموعی رنز پر آوٹ ہو گیا۔ گلین فلپس 8 گیندوں پر 6 رنز بنا کر محمد نواز کی گیند پر کیچ آوٹ ہو گئے۔117 کے مجموعی رنز پر نیوزی لینڈ کا چوتھا کھلاڑی بھی آوٹ گیا۔ کین ولیمسن 42 گیندوں پر 46 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ڈیرل مچل نصف سینچری بنانے میں کامیاب ہوئے انہوں نے اچھا کھیل پیش کرتے ہوئے 35 گیندوں پر 53 رنز بنائے اور ناٹ آوٹ رہے جبکہ جمی نیشم 12 گیندوں پر 16 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 4 کھلاڑیوں کے نقصان پر 152 رنز بنائے۔ شاہین شاہ آفریدی نے 4 اوورز میں 24 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا اور محمد نواز نے ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔
