لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا شوکت خانم ہسپتال کے ڈاکٹرز نے طبعی معائنہ کیا ہے جبکہ ان کے زخموں کی تازہ ویڈیو بھی منظر عام پر آ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حملے کو ڈرامہ قرار دینے والوں کا پروپیگنڈا ناکام، عمران خان کو لگی گولیوں اور زخموں کی ویڈیو سامنے آگئی،شوکت خانم ہسپتال کے ڈاکٹرز کی ایک ٹیم زمان پارک لاہور میں واقع عمران خان کی رہائش گاہ پر پہنچی اور طبی معائنہ کیا۔اس دوران عمران خان کے زخموں کی ویڈیو پہلی بار منظر عام پر آگئی ہے۔ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عمران خان کو دائیں ٹانگ پر گولیوں کے تین زخم آئے ہیں،دائیں ٹانگ کی ران پر دو زخم جبکہ گھٹنے کے پاس ایک زخم آیا،ویڈیو میں ڈاکٹر کو زخموں کی مرہم پٹی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ڈاکٹرز نے زخموں کا معائنہ کرنے کے بعد نئی بینڈیج کردی۔ڈاکٹرز کی جانب سے زخموں کا طبعی معائنہ باقاعدگی سے جاری ہے جو آئندہ دنوں میں بھی جاری رکھا جائے گا۔ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ زخم بدستور گہرے ہیں مندمل نہیں ہوئے۔
