بلدیاتی الیکشن کا انعقاد تحریک انصاف کا تاریخی کارنامہ،مخالفین کی ہر سازش ناکام بنائیں گے:سردار تنویر الیاس

مظفر آباد(وقائع نگار خصوصی)وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر و صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان سے چیئرمین پرل ڈویلپمنٹ اتھارٹی سردار عامر جمیل کی قیادت میں،راولاکوٹ سے بلدیاتی امیدواران کی ملاقات،پارٹی امیدواروں نے بلدیاتی الیکشن کی تیاریوں کے حوالہ سے وزیراعظم آزاد کشمیر کو تفصیلی بریفنگ دی،

اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ 31 سال بعد بلدیاتی الیکشن کا انعقاد تحریک انصاف کا تاریخی کارنامہ ہے،تحریک انصاف آزاد کشمیر بھر میں تاریخی فتح سمیٹے گی،مخالفین کی الیکشن سے بھاگنے کی ہر سازش ناکام بنائیں گے،کارکنان بھرپور تیاری جاری رکھیں،الیکشن اپنے وقت پر ہر صورت ہوں گے۔
اس سے قبل اپنے ویڈیو پیغام میں وزیراعظم آزادکشمیر سردار تنویر الیاس خان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں 31 سالوں بعد ہونے والے بلدیاتی الیکشن صاف شفاف اور غیر جانبدار،شیڈول کے مطابق مقررہ وقت پر ہوں گے،اپوزیشن بلدیاتی انتخابات کے حوالے انارکی اور اضطراب کی کیفیت پیدا کررہی ہے،بلدیاتی الیکشن خطہ کے عوام کی تقدیر بدلنے میں اہم کردار ادا کریں گےجس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر رکھے ہیں۔

وزیراعظم آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کی سیکورٹی کے لئے وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے سیکورٹی فورسز دینے کی مکمل یقین دہانی کروائی ہوئی ہے، بلدیاتی انتخابات کے لئے آزاد کشمیر پولیس،ایف سی،رینجر،پنجاب پولیس اور آرمی کی خدمات لی جائیں گی۔بلدیاتی الیکشن پورے آزاد کشمیر میں ایک ہی دن الیکشن ہونگے۔سردارتنویر الیاس خان نے کہا کہ اپوزیشن بلدیاتی الیکشن سے خوفزدہ ہے کہ اختیارات نچلی سطح پر جانے سے ان کی سیاسی ساکھ خراب ہو جائے گی، میرے خلاف ایف آئی آر کی باتیں کرنے والے جان لیں کہ ایف آئی آر ان کے خلاف ہوگی جوعوام کے مینڈیٹ پر شب خون مارنا چاہتے ہیں ۔
دوسری طرف وزیراعظم آزاد کشمیر نے دورہ میرپور کے دوران ریسٹ ہاوس میں ڈویژنل و ضلعی انتظامی افسران اور مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو میدان سے بھاگنے نہیں دیں گے.جو لوگ سیکیورٹی کا بہانہ بنا کر الیکشن سے راہ فرار چاہتے ہیں انہیں بتانا چاہتا ہوں سیکیورٹی کی فراہمی حکومت اور الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے اورحکومت الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے پرعزم ہے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ الیکشن کی تیاریاں جب شروع ہوئی تو ساری جماعتیں انتخابات کے حوالے سے ایک پیج پرتھیں،ال پارٹیز کانفرنس میں تمام جماعتوں نے ایک دو ماہ الیکشن آگے لے جانے کے لئے حکومت کو دھکا دے کر سپریم کورٹ پہنچااور دو ماہ سے زائد عرصہ کا ریلیف ملا۔اب الیکشن کے التواءکا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا،اپوزیشن کاعدم اعتماد لانا جمہوری حق ہے جو میرے کہنے سے نہ ہی روک سکتی اور نہ ہی میں روکنا چاہتا ہوں،جو میرے ساتھ نہیں چل سکتا وہ کسی کے ساتھ بھی نہیں چل سکے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں