غذائی ضروریات پوری کرنے کے لئے وزیراعظم آزاد کشمیرسردار تنویر الیاس نے انقلابی قدم اٹھا لیا

مظفر آباد(وقائع نگار خصوصی)آزاد جموں وکشمیر کی فوڈ سیکیورٹی(غذائی ضروریات)پوری کرنے کیلئے وزیراعظم آزاد کشمیر کا اہم اقدام،سندھ،پنجاب،بلوچستان،خیبرپختونخواہ اور گلگت بلتستان میں آزاد کشمیر کے بڑے زرعی فارمز بنانے کا فیصلہ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے ریاست میں غذائی ضروریات پوری کرنے کے لئے تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے سندھ،پنجاب،بلوچستان، خیبرپختونخواہ اور گلگت بلتستان میں بڑے زرعی فارمز بنانے کا فیصلہ کیا ہے،اس حوالے سے سندھ میں 25 ہزار ایکڑ، بلوچستان میں ایک لاکھ ایکڑ،پنجاب میں 50 ہزار ایکڑ،خیبرپختونخوا میں 30 ہزار ایکڑ،گلگت بلتستان میں 2 ہزار ایکڑ رقبہ الاٹ کرنے کیلئے گلگت بلتستان، سندھ، پنجاب، بلوچستان اور
خیبرپختونخوا کے وزرائے اعلیٰ کو خطوط لکھ دیئے ہیں۔وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کا کہنا تھا کہ زرعی فارمز کے قیام سے پاکستان کی معاشی ترقی میں اضافہ اور آزاد کشمیر اور صوبوں کے مابین روابط بڑھیں گے،زرعی فارمز کی ڈویلپمنٹ اور دیگر اخراجات حکومت آزاد کشمیر برداشت کریگی۔
اس سے قبل مقامی میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ عمران خان کا ایجنڈا پاکستان ہے،وہ ایک لیڈر نہیں بلکہ رہبر ہیں اور رہبر کو کبھی مائنس نہیں کیا جا سکتا،
میری تحریک انصاف پہلی اور آخری جماعت ہے،عمران خان کی وجہ سے پاکستانی ثقافت کی عالمی سطح پر پہچان ہوئی۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف میں کچھ لوگ ذاتی مفادات حاصل کرنے شامل ہوئے آج وہ ماضی بن چکے،چئیرمین تحریک انصاف عمران خان صاحب 19 سال کی عمر میں عالمی شہرت یافتہ بن چکے تھے۔عمران خان نے سیاست میں بہت جدوجہد کی،پاکستان میں فلاحی ادارے قائم کئے،عمران خان نے ملک میں سٹیٹس کو توڑا، جس سے متاثر ہو کر میں نے تحریک انصاف جوائن کی،خان صاحب بلاشبہ رہبر پاکستان ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں