لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ن نے عمران خان کی جانب سے ممکنہ طور پر پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیاں تحلیل کرنے کے حوالے سے جوابی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور سپیکر سبطین خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانےکا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے 106 ارکان آج رانا مشہود کے گھر اکھٹے ہوئے،لیگی ارکان کی جانب سے رانا مشہود کے گھر وزیراعلیٰ پنجاب اور سپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر دستخط کیے گئے ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ن لیگ کی جانب سے تحریک عدم اعتماد آج ہی جمع کرانے کا امکان ہے۔مسلم لیگ ن کی قیادت نے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور سپیکر سبطین خان اور سپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک جمع کرانے کا گرین سگنل دے دیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب اور سپیکر صوبائی اسمبلی کے خلاف 36 گھنٹے میں تحریک عدم اعتماد لانے کا قوی امکان ہے اور ن لیگ کی جانب سے تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کے لیے اسمبلی سیکرٹریٹ سے رابطے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
دوسری طرف عمران خان کی جانب سے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے متوقع اعلان کے پیش نظر صدر مسلم لیگ(ن)شہباز شریف نے پارٹی رہنماوں کا اہم اجلاس طلب کر لیا،اجلاس میں اسمبلی تحلیل کو روکنے کے لئے آئینی و قانونی آپشنز پر حتمی مشاورت اور پرویز الہیٰ سے ہونیوالے بیک ڈور رابطوں سے متعلق قیادت کو آگاہ کیا جائے گا،اجلاس ماڈل ٹاون میں شہباز شریف کی رہائش گاہ 96 ایچ میں ہو گا جس میں پارٹی کے سینئر رہنما شریک ہوں گے۔