رمیز راجا آوٹ،نجم سیٹھی اِن،فیصلہ ہو گیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجا کو تبدیل کر کے ایک بار پھر نجم سیٹھی کو نیا چیئرمین پی سی بی بنائے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجم سیٹھی نئے چیئرمین پی سی بی کے لیے مضبوط امیدوار ہیں کیونکہ وزیراعظم شہباز شریف نجم سیٹھی کو چیئرمین پی سی بی بنانے کا عندیہ دے چکے ہیں۔سیکریٹری آئی پی سی نے چیئرمین پی سی بی کی تبدیلی کی سمری وزیراعظم ہاوس کو ارسال کردی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے نجم سیٹھی نے ظہرانے پر لاہور میں ملاقات کی ہے۔وزیراعظم کا کہنا ہے کہ 2014 کا پی سی بی آئین بحال کیا جائے۔ذرائع کے مطابق 2014 کے پی سی بی آئین کی بحالی کے بعد ڈیپارٹمنٹل کرکٹ بحال ہوجائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعطم پی سی بی آئین 2014 کی بحالی کا حکم کسی بھی وقت دے سکتے ہیں۔یاد رہے کہ پی سی بی ایک خود مختار ادارہ ہے اور وزیر اعظم اس کے سرپرست ہیں۔بورڈ کا ایک دستورالعمل ہے اور بورڈ آف گورنرز ہے جو چئیرمین کا انتخاب کرتا ہے۔ دستور کے مطابق تو ایک انتخابی عمل کے ذریعے چئیرمین کا انتخاب عمل میں ہونا ہے لیکن یہ ایک حقیقت ہے کہ چئیرمین کے لیے کبھی شفاف انتخابات نہیں ہوئے،ہر چئیرمین حکومت وقت کا منظور نظر ہوتا ہے جسے بورڈ آف گورنرز منتخب کرلیتا ہے۔رمیز راجہ کرکٹ بورڈ کے 36ویں چئیرمین ہیں جو 13 ستمبر 2021 کو منتخب ہوئے تھے۔رمیز راجہ کرکٹر ہونے کے علاوہ انٹرنیشنل کمنٹیٹر اور دنیائے کرکٹ کی معروف شخصیت ہیں۔ وہ ایک اعلی تعلیمی گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کے والد مشہور بیوروکریٹ تھے۔کرکٹ کی دنیا میں انھیں وائس آف پاکستان بھی کہا جاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں