عوامی اعتماد توڑنے والے اب اسمبلیاں توڑنے کی باتیں کر رہے ہیں،شہباز شریف

لاہور(وقائع نگار خصوصی)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کسی کی کوشش ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ کرجائے تو ایسا نہیں ہوگا،نہ کرنے دیں گے،عوام کا اعتماد توڑنے والے اب اسمبلیاں توڑنے کی باتیں کر رہے ہیں،اس کا مقصد سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا ہے،عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے سیاسی استحکام بنیادی شرط ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سابق حکومت نے معیشت کی بنیادوں میں بارودی سرنگیں بچھائیں،پاکستان سے وفاداری،دوستی کا تقاضا ہے کہ ملک میں معاشی استحکام ہو،کسی کی کوشش ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ کرجائے،انشااللہ ایسا نہیں ہوگا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئین کی طاقت سے ملک کو جھوٹی حکومت سے نجات دلائی تھی،اب عوام کو روٹی اور روزگار کی پریشانیوں سے نجات دلائیں گے،سیاسی شرپسند انتشار پھیلا کر دنیا کو بتانا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں سرمایہ کاری نہ کریں،سیلاب متاثرین کو سردی،بھوک اور بیماری سے بچانے میں سیاسی شریروں کا حصہ نہیں،یہ سیاسی مطلب پرست اور خودغرض ہیں،سیاسی شرپسندوں کی خواہش ہے کہ کوئی پاکستان میں سرمایہ کاری نہ کرے،سیاسی شرپسندوں کو سیلاب متاثرین کی کوئی فکر نہیں،سیاسی خودغرضوں کو عوام کی مشکلات کا احساس نہیں۔

میاں شہباز شریف نے کہا کہ سابق حکومت نے ایک مخصوص ایجنڈے کے تحت ملکی معیشت کو پاتال میں دھکیل دیا، اسمبلیوں کی تحلیل کر کے یہ ملک میں عدم استحکام کی فضا قائم کرنا چاہتے ہیں،پی ٹی آئی کی قیادت عوام کی حالت زار پر رحم کرے،عوام کی مشکلات کو کم کرنا اور ان کے لیے معاشی آسانیاں پیدا کرنے کا نام سیاست ہے،سابق چار سالہ دور حکومت میں عوام پر مہنگائی کے پہاڑ توڑے گئے،اب موجودہ حکومت کو مہنگائی کے خاتمے کے لیے اقدامات کرنے دیں،عوامی فلاحی اقدامات کی راہ میں رکاوٹیں پیدا نہ کریں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جب ملک ترقی کرناشروع کرتا ہے تو فسادی لشکرکیوں متحرک ہوجاتا ہے؟کوئی شک نہیں رہا کہ ایک ایجنڈے کے تحت معاشی تباہی کی گئی،پاکستان کے عوام کی حالت پر رحم کریں،پاکستان گزشتہ چار سال کی معاشی تباہی سے زہرناک مہنگائی کا شکار ہوا،عوام کی زندگیوں سے یہ زہر ختم کرنے دیں،رکاوٹیں مت کھڑی کریں، سیاسی استحکام اور میثاق معیشت ہی پاکستان کی قومی سلامتی کو مضبوط کر سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں