تیسرا ٹیسٹ،پاکستانی ٹیم 304رنز بنا کر آوٹ

کراچی(سپورٹس رپورٹر)کراچی میں کھیلے جارہے سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے خلاف پاکستانی ٹیم 304رنز بنا کر آوٹ ہو گئی،بابر اعظم 78،آغا سلمان،اظہر علی 45رنز بنا سکے محمد رضوان ایک بار پھر بڑا سکور کرنے میں ناکام۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے خلاف کھیلی جارہی ٹیسٹ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ کے پہلے روز کا کھیل کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں اختتام پذیر ہو گیا،پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم 304رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی بیٹنگ کا آغاز شان مسعود اور عبداللہ شفیق نے کیا۔18 رنز پر پاکستان کی پہلی وکٹ عبداللہ شفیق کی صورت میں گری،انہوں نے 8 رنز بنائے۔امام الحق کی جگہ ٹیم میں شامل کئے گئے کھلاڑی شان مسعود بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے،وہ 30 رنز بنا کر اس وقت آوٹ ہوئے جب پاکستان کا سکور 46 رنز تھا۔117 رنز پر اظہر علی بھی آوٹ ہوگئے،انہوں نے 45 رنز کی اننگز کھیلی۔سعود شکیل کے ساتھ مل کر بابر اعظم نے پاکستان کے سکور کو آگے بڑھانا شروع کیا،اسی دوران پاکستانی کپتان نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔162 رنز پر پاکستان کی چوتھی وکٹ گری، 23 رنز پر سعود شکیل کو ریحان احمد نے شکار کرکے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی پہلی وکٹ لی۔196 پر پاکستان کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ گئی۔پاکستان کو پانچواں نقصان محمد رضوان کی صورت میں اٹھانا پڑا،وہ ایک بار پھر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور صرف 19 رنز ہی بناسکے۔219 رنز پر بابر اعظم تیزی سے رن لینے کی کوشش میں رن آوٹ ہوگئے۔ انہوں نے 78 رنز کی اننگز کھیلی۔237 رنز پر فہیم اشرف کو ریحان احمد نے اپنا شکار بنایا۔ آل راونڈر بیٹر نے صرف 4 رنز بنائے۔آغا سلمان نے نعمان علی کے ساتھ مل کر آٹھویں وکٹ کی شراکت میں 48 رنز کی پارٹرشپ قائم کی لیکن 285 رنز نعمان علی بڑا شاٹ کھیلنے کی خواہش میں آوٹ ہوگئے، انہوں نے 23 رنز بنائے۔انگلینڈ کے خلاف ٹیل اینڈرز کے ساتھ مزاحمت کے دوران آغا سلمان نے اپنی نصف سینچری مکمل کی۔
تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان کے پلیئنگ الیون میں 4 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔امام الحق،محمد علی،زاہد محمود اور محمد نواز کی جگہ اظہر علی،نعمان علی،وسیم جونیئر اور شان مسعود کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے آخری میچ کے لئے قومی کرکٹ ٹیم بابر اعظم ،عبداللہ شفیق،محمد رضوان،شان مسعود،اظہر علی،نعمان علی،آغا سلمان،سعود شکیل،وسیم جونیئر،فہیم اشرف اور ابرار احمد پر مشتمل ہے۔
ٹی 20 ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فاسٹ بولر محمد وسیم جونیئر نے انگلینڈ کے خلاف میچ سے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کا آغاز کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں