اسلام آباد خود کش دھماکہ،پولیس نے بڑا قدم اٹھا لیا

اسلام آباد(کرائم رپورٹر)اسلام آباد خودکش حملے سے متعلق پولیس نے تحقیقات کیلئے جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم( جے آئی ٹی) تشکیل دے دی۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق آئی ٹین فورمیں ہونے والے خود کش حملے کی پولیس نے تحقیقات کیلئے اعلی سطحی کی جے آئی ٹی قائم کردی۔ایس پی سی ٹی ڈی کی نگرانی میں 8 رکنی ٹیم تحقیقات کرے گی،حساس اداروں کے افسران بھی جے آئی ٹی میں شامل کیے گئے ہیں جبکہ ایس پی انڈسٹریل ایریا،اپس پی سبزی منڈی بھی جے آئی ٹی میں شامل کردیئے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے سیکٹر آئی ٹین میں دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور 4 زخمی ہو گئے تھے۔اسلام آباد میں ہائی الرٹ کی وجہ سے چیکنگ چل رہی تھی اور اس دوران پولیس کے ایگل سکواڈ نے مشکوک سمجھتے ہوئے انہیں روکا اور ان کی تلاشی لی۔ابھی مشکوک افراد کی جامہ تلاشی جاری تھی کہ ایک لمبے بالوں والا لڑکا واپس گاڑی میں آیا اور اس نے گاڑی کو دھماکے سے اڑا دیا جس سے 2 دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا۔دھماکے کے نتیجے میں 4 پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ہمارے پولیس اہلکار نے گاڑی کا دروازہ کھول کر رکھا ہوا تھا اور ان مشکوک افراد کو گاڑی کے اندر سے جانے سے روک رہا تھا لیکن لمبے بالوں والے شخص نے گاڑی کے اندر مکمل داخل ہوئے بغیر ہی ایک بٹن دبایا جس سے دھماکا ہو گیا۔

دوسری طرف وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ ریڈ زون اور اسلام آباد میں تھریٹ الرٹ رہتا ہے مگر ہمیں توقع نہیں تھی کہ اسلحے سے بھری گاڑی آئے گی،گاڑی میں اتنی مقدار میں اسلحہ تشویش ناک ہے اس لیے ہمیں سخت اقدامات اٹھانے ہوں گے اور اس سلسلے میں شہریوں کو بھی پریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ گاڑیوں کی مکمل چیکنگ کی جائے گی اور وہ پریشانی برداشت کرنی چاہیے تاکہ اس میں کوئی کوتاہی نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے سیف سٹی منصوبہ کباڑ خانہ بنایا ہوا تھا لیکن اس سال وزیراعظم نے رقم جاری کی اور 4 ہزار کیمرے لگائے جس سے صرف 35 فیصد شہر کا احاطہ کیا گیا ہے،کیمروں کو 100 فیصد شہر کا احاطہ کرنا چاہیے اور اس سلسلے میں کام کر رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں