ہسپتال میں زیر علاج ڈاکٹر شہباز گل اچانک غائب ہو گئے

لاہور(ہیلتھ رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل عملے کو بتائے بغیر لاہور کے بڑے سرکاری ہسپتال کی وارڈ سے غائب ہوگئے۔
”پاکستان ٹائم“ کے مطابق شہباز گل گزشتہ رات اپنی فائل اور میڈیکل ریکارڈ لے کر ہسپتال سے غائب ہوئے،ڈاکٹرز صبح معائنہ کرنے گئے تو پی ٹی آئی رہنما وارڈ میں موجود نہیں تھے۔سکیورٹی گارڈ کے مطابق شہباز گل کو رات گئے کوئی لینے آیا تھا جب کہ ان کی ہسپتال سے غائب ہونے کی رپورٹ سروسز ہسپتال کے ایم ایس کو جمع کرادی گئی ہے،رپورٹ سروسز ہسپتال لاہور کے سینئیر رجسٹرار سروسز ہسپتال لاہور ڈاکٹر نعمان ظفر نے جمع کرائی ہے۔

خیال رہے کہ شہباز گل کو کھانسی اور سانس میں دشواری کی شکایت تھی جس کے سبب وہ 7 دسمبر سے سروسز ہسپتال میں زیر علاج تھے۔دوسری جانب پی ٹی آئی میڈیا کوآرڈینیٹر اظہر مشوانی کا کہنا ہے کہ شہباز گل کسی پرائیویٹ ڈاکٹر کو طبی معائنہ کرانے کے لئے ہسپتال سے باہر گئے تھے جس کے بعد وہ ہسپتال واپس آگئے ہیں،اس حوالے سے چلائی جانے والی خبریں محض پرپیگنڈا ہیں تاہم ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے شہباز گل کی موجودگی کی تصدیق نہیں ہوسکی۔ذمہ دار ذرائع کے مطابق وزیراعلی پنجاب جب ڈی نوٹیفائی ہوئے تو شہباز گل سروسز ہسپتال لاہور سے ازخود گئے کہ کہیں گرفتار نہ ہو جائیں تاہم جب لاہور ہائیکورٹ نے وزیراعلی چوہدری پرویز الٰہی کو بحال کیا تو شہباز گل ہسپتال واپس آ گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں