لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ عمران خان نے اسمبلیاں نہیں توڑنی،یہ صرف ڈرامے بازی ہے،ان کے پاس نمبرز پورے ہوتے تو اعتماد کا ووٹ لیتے۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان اسمبلیاں توڑنا چاپتے تھے تو اسی وقت توڑتے جب اعلان کیا،یہ سب ان کے ڈرامے ہیں،انہوں نے کوئی اسمبلیاں نہیں توڑنی تھی،اگر ان کے پاس نمبر پورے تھے تو جب گورنر نے کہا تب اعتماد کا ووٹ لیتے۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ 1947سے2018تک 30 ہزار ارب قرض تھا،2018 کے بعد 44 دنوں میںپاکستان تحریک انصاف کی حکومت قرض 60ہزار ارب تک لے گئی،تحریک انصاف نے عالمی مالیاتی ادارے( آئی ایم ایف)سے وہ معاہدہ کیا جس نے ہمارے ہاتھ جکڑ لیے،پی ٹی آئی حکومت نے ملک کو مہنگائی اور قرضوں میں جکڑ دیا۔
سردار ایاز صادق کا کہنا تھا کہ جو کرپشن کی بات کرتے تھے خود اربوں کے تحائف ساتھ لے گئے،عمران خان نے خانہ کعبہ کے ماڈل والی گھڑی بھی بیچ دی،پچھلی حکومت نے عوام کوبنیادی سہولیات سے محروم رکھا،عمران خان کہتا تھا کہ طالبان سے بات کرو،آج صورتحال سب کے سامنے ہے،یہ لوگ کس منہ سے نوازشریف سے مقابلے کی بات کرتے ہیں؟ تحریک انصاف نے ملک کے لیے کیا کیا ہے؟۔