اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی خیبرپختونخوا کے نائب صدر اور وفاقی وزیر ساجد حسین طوری نے کہا ہے کہ 27 دسمبر ملکی تاریخ میں ایک دردناک اور پر آشوب دن ہے،بے نظیر بھٹو کے یوم شہادت پر پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت،جیالوں سمیت پوری دنیا افسردہ ہے،بینظیر بھٹو شہید عالمی رہنما اور عہد ساز تھیں،شہید بے نظیر بھٹو کی کمی ہر دور میں محسوس ہوتی رہے گی،آج ذولفقار علی بھٹو،محترمہ بینظیر بھٹو شہید اور تمام شہدائے قوم کو سلام پیش کرتے ہیں۔
”پاکستان ٹائم “ کے مطابق ساجد حسین طوری نے بے نظیر بھٹو شہید کی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید خیبر سے کراچی تک غریب عوام کی آواز تھیں،محترمہ شہید آج بھی چاروں صوبوں کی زنجیر اور وفاق کی علامت ہیں،محترمہ بے نظیر بھٹو شہید نے دہشت گردی،نفاق اور آمریت کے خلاف سیاست کی،شہید ذوالفقار بھٹو نے ایٹم بم اور محترمہ بے نظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی سے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، محترمہ شہید ایک بہادر لیڈر تھیں جنہوں نے دہشت گردی،ہر ظلم اور بربریت کا بہادری سے مقابلہ کیا،شہید بے نظیر بھٹو کی کمی ہر دور میں محسوس ہوتی رہے گی۔
ساجد حسین طوری کا کہنا تھا کہ آج بلاول بھٹو زرداری ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بی بی شہید کے مشن کو آگے بڑھا رہے ہیں،بلاول بھٹو زرداری نے بطور وزیر خارجہ ملک کو سفارتی تنہائی سے نکالا،انشاءاللہ مستقبل پیپلز پارٹی کا ہے جو مزدوروں،غریبوں اور عوام کی واحد نمائندہ جماعت ہے،بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ملک و قوم کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔