اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اپنے ہی فیصلے کو ریورس کرتے ہوئے پی ڈی ایم کی خواہش پوری کر دی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ رانا ثنا اللہ نے کھل کر پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ( پی ڈی ایم) کی خواہش کا اظہار کیا تھا، حکومت نے بلدیاتی الیکشن پر سروے کرائے، انہیں پتہ چلا کہ یہ الیکشن ہارنے جا رہے ہیں، انہوں نے پہلے میئر کے ڈائریکٹ انتخاب کی مخالفت کی تھی،اب وہی قانون لے آئے،حکومت نے آئین اور قانون کا مذاق اڑایا ہوا ہے تاہم حکومت کو الیکشن سے بھاگنے نہیں دیں گے۔اسد عمر کا کہنا تھا کہ آج پھر حکومت انتخابات سے بھاگ گئی، الیکشن کمیشن نے پی ڈی ایم حکومت کی معاونت کی،الیکشن کمیشن نے تو اپنے ہی فیصلے کو ریورس کردیا،ہم نے پہلے ہی انٹراکورٹ اپیل دائر کردی تھی،آج 2 رکنی بینچ نے ہماری اپیل پر سماعت بھی کی،ہم چاہتے ہیں کہ اسلام آباد میں با اختیار بلدیاتی نظام آئے،پی ڈی ایم اپنی حکومت کے باوجود الیکشن کیوں نہیں چاہتی؟الیکشن کا اعلان ہونے کے بعد یوسیز میں اضافہ کیا گیا،الیکشن میں چند دن ہی باقی رہ گئے تھے،یہ شکست کے خوف سے الیکشن میں جانا نہیں چاہتے،مردم شماری کے بعد یونین کونسلز 101 کی گئی تھیں، 6 ماہ میں کتنی آبادی بڑھ گئی کہ یوسیز 125 کردی گئیں؟عوام کے لئے ڈالر نہیں،سیر سپاٹوں کے لئے ڈالر ہیں۔