ایم کیو ایم دھڑوں کے اتحاد پر تحریک انصاف بھڑک اٹھی

اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی)متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے مختلف دھڑوں کو یکجا کرنے کی کوششوں پر پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس اتحاد کا مقصد کراچی میں تحریک انصاف کو روکنا ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کا شہر روشنیوں کا شہر تھا، پھر اسٹیبلشمنٹ کو خیال آیا کہ ہماری پارٹی ہونی چاہیے،سارے غنڈے جمع کر کے ایم کیو ایم بنادی گئی، عشروں تک آگ خون کا کھیل کھیلا گیا، مشکل سے جان چھوٹی،اب پھر خیال آرہا ہے کہ تحریک انصاف کو روکنا ہے تو بارود کا ڈھیر اکٹھا کر کے شہر میں چراغاں کی کوشش کی جائے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل، گورنر سندھ کامران ٹیسوری رات گئے پاکستان سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے مرکز پاکستان ہاوس پہنچے، انہوں نے مصطفیٰ کمال،انیس قائمخانی اور دیگر رہنماوں سے ملاقات کی۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ ہم لوگ کراچی والوں کے دل سے اتر چکے ہیں،ہمیں دوبارہ ان کے دل میں اترنا ہے،میں صرف گزارش کر سکتا ہوں لیکن زبردستی نہیں کر سکتا،میں جوڑنے کے لیے آیا ہوں توڑنے کیلئے نہیں،ہمیں اب آگے بڑھنا ہے،پیچھے نہیں دیکھنا،کراچی سب کا دوست ہے،شہر میں پانی،بجلی، گیس نہیں تو ہم کیا کررہے ہیں، عہد کرلیں کہ جوکام ریاست نہ کرسکی وہ ہم خود ہی کریں گے،اس شہر کو مجرموں کا شہر کہا جارہا ہے،ہم سچے پاکستانی ہیں،75 سال سے اس کے لئے کچھ نہیں ہوا،کوئی اور مسیحانہیں آئیگا ہم نے خود ہی نیک نیتی سے کام کرنا ہوگا۔گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی اور اس کے شہریوں کے وسیع تر مفاد میں تمام سٹیک ہولڈرز مل بیٹھیں،اگر ہم آپس میں الجھتے رہے تو یہ شہر کا نقصان ہے،یہی درخواست مصطفیٰ کمال کے سامنے رکھی تھی وہ میرے پاس آئے تھے،ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی ہیں اور رہیں گے،ان پر سب کا اعتماد ہے،سب ایک دوسرے پر تنقید کے بجائے اس شہر کے کارکن بن جائیں۔اس موقع پر چئیرمین پی ایس پی سید مصطفٰی کمال نے کہا کہ ملک مشکل حالات سے گذر رہا ہے،لوگ اچھی خبر سننا چاہتے ہیں،ہم لوگوں کی بھلائی کیلئے ملکر کام کرنے کیلئے تیار ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں