ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب نے وزٹ ویزے پر آنے والے مسافروں کے آب زم زم لے جانے پر مکمل پابندی عائد کر دی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جدہ ائیرپورٹ حکام نے قومی ایئر لائن(پی آئی اے)سمیت تمام نجی ایئرلائنز کو مراسلہ جاری کر دیا جس کے مطابق اب وزٹ ویزے پر سعودی عرب آنے والے مسافروں پر آب زم زم لے جانے پر مکمل پابندی ہو گی۔جاری کردہ مراسلے کے مطابق عمرہ اور حج ویزہ کے حامل مسافروں کو ہی آب زم زم لے جانے کی اجازت ہو گی جبکہ ذائرین کو 5 لیٹر کی ایک بوتل لانے کی اجازت ہو گی۔
واضح رہے کہ دنیا بھر سے ہزاروں افراد ایسے ہیں جو وزٹ ویزے پر سعودی عرب جاتے ہیں تاہم وہ عمرہ کی سعادت حاصل کئے بغیر واپس نہیں آتے ،ایسے تمام زائرین بھی آب زم زم حاصل نہیں کر پائیں گے جبکہ بزنس ویزے پر سعودی عرب جانے والے افراد بھی اپنے ساتھ واپسی پر آب زم زم نہیں لا سکیں گے ۔