مفتاح اسماعیل اسحاق ڈار کے خلاف پھٹ پڑے

کراچی(وقائع نگارخصوصی)پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اپنی ہی جماعت کے وزیرخزانہ اور میاں نواز شریف کے سمدھی اسحاق ڈار کے خلاف پھٹ پڑے،مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار سے برداشت نہیں ہوا کہ ان کی جگہ کوئی اور وزیرخزانہ ہو،وہ یہ سمجھتے ہیں کہ مسلم لیگ ن میں انہی کو وزیر ہونا چاہیے،مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے مجھے لندن طلب کرکے،درجن بھر لوگوں کی موجودگی میں،مجھے وزارت سے نکال دیا،میرے سات عزت والا سلوک نہیں کیا گیا
سوشل میڈیا پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پارٹی نے ہٹایا،اسحاق ڈارنے 6 ماہ تک میرے خلاف مہم چلائی اورکہا کہ وہ ڈالر 160کا کر دیں گے،اسحاق ڈار نے میرے خلاف ٹی وی میزبان سے ٹویٹ اور پروگرام بھی کروایا۔
مفتاح اسماعیل نے الزام عائد کیا کہ اسحاق ڈارکو وزیرخزانہ بننے کا بہت شوق تھا،وہ نوازشریف کے رشتہ داربھی ہیں اورلندن میں بھی ان کے ساتھ تھے تو کہتے تھے کہ میں پاکستان جاوں گا ڈالر سستا کردوں گا،پٹرول بھی سستا کردوں گا۔پھر پارٹی نے یا میاں صاحب نے فیصلہ کیا کہ مفتاح کو ہٹا دو،مجھے اس بات کا غم نہیں کہ عہدے سے ہٹا دیا لیکن جس طرح سے ہٹایا وہ صحیح نہیں تھا،نواز شریف نے مجھے لندن طلب کرکے درجن بھر لوگوں کی موجودگی میں وزارت سے نکال دیا،میرے ساتھ عزت والا سلوک نہیں کیا گیا،میں نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ( آئی ایم ایف) سے معاہدہ بھی بحال کر دیا تھا جبکہ ملک کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ بھی کم ہو گیا تھا،صرف وزیراعظم شہباز شریف ہی میری پرفارمنس سے خوش تھے،وہ مجھے ہٹانا نہیں چاہتے تھے،مجھے ہٹانا ان کی صوابدید تھی مگر جس طریقے سے مجھے عہدے سے ہٹایا گیا،وہ درست نہیں تھا۔۔پارٹی میں گروپ بندی کے سوال پرمفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ ایسا نہیں ہوتا،پارٹی میں اپنے اپنے ذہن کے لوگ ہوتے ہیں لیکن سب جانتے تھے کہ وزیر خزانہ بننا ڈار صاحب کی ذاتی خواہش ہے، 2017 میں بھی وزیر تھے تو وزارت کے ہوتے ہوئے لندن چلے گئے تھے اور اس وقت میں نے ڈالر ڈی ویلیو کیا اور انہوں نے ٹی وی پرتنقید کی تھی،پارٹی میں آپس میں بات کرسکتے ہیں لیکن ٹی وی پرآکر تنقید نہیں کرسکتے،میں ملک سے باہر امریکا کے دورے پر تھا،وہاں سے لندن آیا اور 12 لوگوں کے سامنے بلا کر مجھے نکال دیا گیا،یہ طریقہ ٹھیک نہیں تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں