لاہور(سپورٹس رپورٹر)نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے 16 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے،مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل کی ٹیم میں واپسی ہوئی جب کہ آل راونڈر شاداب خان کو انجری کے باعث ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔
’پاکستان ٹائم ‘ کے مطابق کراچی میں چیف سلیکٹر شاہد خان آفریدی نے قومی سکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں بابر اعظم کپتان ہوں گے،ٹیم میں حارث روف،حارث سہیل،کامران غلام شامل کیے گئے ہیں جبکہ فخر زمان،امام الحق بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔محمد نواز، محمد رضوان،وسیم جونیئر،نسیم شاہ،سلمان علی آغا،طیب طاہر،اسامہ میر بھی ٹیم میں شامل ہیں،شاہنواز دھانی،محمد حسنین اور شان مسعود کو بھی قومی سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کی پرفارمنس اہمیت رکھتی ہے،ایک پیج کا مطلب ہر فیصلہ میں ایک ہونا ضروری نہیں ہے،ہماری الگ الگ ذمہ داریاں ہیں،وہ الگ الگ لے کر چلیں گے،ایک کھلاڑی ٹیسٹ میں پرفارم کر رہا ہے ٹی 20 میں پرفارم نہیں کرتا تو اسے نکال دیا جاتا ہے،کپتان کو تمام آپشنز دے رہے ہیں،جب وہ ٹیم بنائیں گے سب کھلاڑی اس وقت کھیل چکے ہوں گے،کھلاڑیوں کو لیگز کھیلنے کے لیے این او سی ملنا چاہیے لیکن کھلاڑیوں کو پی ایس ایل شروع ہونے سے 10 دن پہلے سب کو فری ہونے کا کہا ہے،پہلی پچز سے یہ بہتر نظر آئی ہے،اچھے باونسی ٹریکس ہونے چاہییں،ایسی پچز پر ہم دنیا کی کبھی بھی فر سٹ،سیکنڈ ٹیم نہیں بن سکتے،اسامہ میر کی تگڑی فارم ہے،جس نے اچھا کام کیا ہے اس کا کریڈٹ ملنا چاہیے،اچھی پرفارمنس پر کھلاڑیوں کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے،احمد شہزاد کو ہم نہیں بھولیں گے،کرکٹ اکیڈمیز میں 9،9 ماہ سے کام نہیں ہورہا تو ان کا کیا کرنا ہے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کا ٹیلنٹ نظر آرہا ہے،ہمیں بطور سلیکشن کمیٹی کوئی مسئلہ نہیں ہو رہا، ہمیں صرف اس سیریز کےلیے ذمہ داریاں ملی ہیں،شاداب خان سے بات ہوئی تو اس نے کہا میں یہ سیریز کھیل سکتا ہوں لیکن میں نے انہیں کہا کہ بولنگ کرکے دیکھو، جب اس نے باولنگ کی تو انہیں انگلیوں میں تکلیف محسوس ہوئی، اس لیے انہیں سکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا،اسامہ میر نے اچھی پرفارمنس دی ہے،ہم ڈومیسٹک کرکٹ میں پرفارم کرنے والے کھلاڑیوں کو بھولیں گے نہیں،جو اچھ کارکردگی دکھائےگا،اس کو یاد رکھا جائے گا،فاسٹ باولر حسن علی ڈومیسٹک میں پر فارم کرے تو ٹیم میں سلکیٹ ہوگا،شرجیل خان کو چیئرمین کی جانب سے گرین سگنل نہیں ملا،جب چیئرمین گرین سگنل دیں گے تو شرجیل کو سلیکٹ کریں گے،ہمارا زیادہ فوکس جونیئر لیول پر ہونا چاہیے،ڈومیسٹک کرکٹرز کو 135 کے سٹرائک ریٹ سے کھیلنا ہوگا،وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان ون ڈے اور ٹی 20 میں ہمارا اہم پلیئر ہے، بہت خوش ہوں کہ سرفراز احمد ٹیم میں واپس آیا ہے،بطور بیک اپ وکٹ کیپر بلے باز وہ ہماری نظروں میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹیم سلیکشن اور کھلاڑیوں کے حوالے سے کپتان بابر اعظم سے بات ہوتی ہے،سیم پیج کا مطلب یہ نہیں ہوتا کہ ہر فیصلے پر ایک پیچ پر ہوں،بابر اعظم کی اپنی ذمہ داریاں ہیں اور ہماری اپنی ذمہ داری ہے،ہم چاہتے ہیں بابر جتنا بڑا کھلاڑی ہے اتنا بڑا کپتان بھی بنے،اس کرسی پر بہت سارے لوگ مجھ سے ناراض ہوں گے،میری کوشش ہے میں یہاں انصاف کروں۔