لاہور(سٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے رہنما فرخ حبیب نے ملزم نوید کے وکیل کی پریس کانفرنس پر ردِعمل دیتے ہوئے لکھا کہ”بلی تھیلے سے باہرآگئی“۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ عمران خان پرقاتلانہ حملہ میں ملوث ملزم نوید کو پہلے وکیل فراہم کیا گیا،اب لاہور پریس کلب میں ملزم کے وکیل کی پریس کانفرنس سرکاری ٹی وی پرلائیو دکھائی جارہی ہے،سمجھ آیا وہ کون تھا جس نے عمران خان کی ایف آئی آر درج نہیں ہونے دی؟جو کوراَپ کررہا ہے۔دوسری جانب پی ٹی آئی نے وکیل میاں داود کی پریس کانفرنس سرکاری میڈیا پر نشر کرنے کے حوالے سے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ قوم جاننا چاہتی ہے کہ عمران خان پر قاتلانہ حملے کے ملزم کے وکیل کی پریس کانفرنس کا اہتمام کس نے کیا؟۔سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی یہی سوالات دہراتے ہوئے خبردار کیا کہ اگر ایسے کریں گے تو شبہات میں مزید اضافہ ہوگا۔
واضح رہے کہ آزادی مارچ کے دوران وزیرآباد میں عمران خان کے کنٹینرپر فائرنگ کے مبینہ ملزم کے وکیل میاں داود نے نوید کی حراست کو غیرقانونی قراد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے اسے بلا جوازحراست میں رکھا ہوا ہے، نوید کو فوری طورپر رہا کرنا چاہیے جے آئی ٹی نے تمام حالات و واقعات تبدیل کر دیے ہیں،تحقیقات ہو تو معظم کا قاتل عمران خان کا گارڈ نکلے گا۔